برصغیر کے اکلوتے چاکلیٹی عالمی شہرت یافتہ اداکار وحید مراد کی 81 ویں سالگرہ گزشتہ شب وحیدی آرٹ پروڈکشن کے زیر اہتمام منائی گئی جس میں ان کی سالگرہ کا کیک چیئر مین سہیل کشمیری سمیت دیگر شخصیات نے کاٹا ۔اس موقع فلمساز و چیئر مین وحیدی آرٹ پروڈکشن سہیل کشمیری نے خطاب کرتے ہوئے کہا وحید مراد کئی دہائیاں گذر جانے کے بعد بھی نئی نسل کے لئے اکیڈمی کا درجہ رکھتے ہیں، وہ برصغیر ہی کے نہیں ایشیا ءکے متاثر کن رومانی ہیرو ثابت ہوئے ہیں ان کی سالگرہ اور برسی کی تقریبات کا اہتمام ملک گیر سطح پر ہر برس ہوتا ہے ان کی فنی خدمات اس امر کا ثبوت ہے کہ وہ آج لوگوں کے دلوں میں بھی زندہ ہیں،وحید مراد ایوارڈ ز کی رنگا رنگ تقریب کی تیاریاں جاری ہیں ۔فلمساز و تقسیم کار بشیر دانہ والا نے کہا وحید مراد کی سب سے زیادہ فلمیں ہمارے ادارے نے ریلیز کیں اور ہماری فلموں میں کام کیا وہ ایک نفیس انسان و پڑھے لکھے اداکار تھے جو سونے کا چمچہ لیکر پید ا ہوا تھا ،واحد ہیرو تھا جو پہلی فلم میں کام کرنے اپنی کار میں آیا ، ان کے ریکارڈ پر پاکستان کی پہلی پلاٹینم جوبلی فلم ” ارمان “ ہے جو آج بھی کئی صف اول کے فنکاروں کی پسندیدہ فلم ہے۔ٹی وی و فلم کے سنیئر ڈی او پی (عکاس) فیروز یوسف نے کہا وحید مراد کی زندگی کے آخری ایام میں یہ پذیرائی مل جاتی تو شاید وہ اتنے کم عمر میں دنیا سے نہیں جاتے۔ ان کا عروج آج بھی نظر آتا ہے۔آج کے کئی نامور اداکار انکی فنکارانہ صلاحیتوں کی بناءپر ان کے فینز ہیں۔رکن سندھ فلم سنسر بورڈ عمر خان خطاب نے کہا وحید مراد ہماری فلم انڈسٹری کو انمول ہیرا تھا جو وقت سے پہلے اس دنیا سے چلا گیا ان کی فلمیں آج بھی نئے آنے والے اداکاروں کے لئے تربیت کا ذریعہ بن رہی ہیں۔سینئر صحافی مرزا افتخار بیگ نے کہا ملکی فلم انڈسٹری کو استحکام و قار دینے میں وحیدمراد کی اداکاری اور ذاتی فلموں نے اہم کردار ادا کیا ۔ وہ ایک پڑھے لکھے اداکار تھے جنہوں نے بین الاقوامی فلمی فیسٹیولز میں ملکی فلموں کی نمائندہ کرکے دنیا بھر میں بہتر امیج اجاگر کیا۔ڈرامہ رائٹر و اداکار کبیر مغل نے کہا وحید مراد ہماری نسل کے لئے نئے ہیں لیکن ہم نے ان کی فلموں سے بہت کچھ سیکھا ہے ان کے گیت دیکھ کر احساس ہوتا ہے کہ پکچرائزیشنز کیا ہوتی ہے۔ سالگرہ کی رنگا رنگ تقریب سے سینئر صحافی تصدق غوری ، مجیب ہاشمی، ستار ساٹی ، اعجاز احمد ، صابر حسین ، اور دیگر نے وحید مراد کی فنی خدمات پر اظہار خیال کرکے ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وحید مرادکی سالگرہ اور وحیدی آرٹ پروڈکشن
Facebook Comments