وزیر ثقافت سندھ سید سردار علی شاہ کی سربراہی میں محکمہ ثقافت کی اینڈوومنٹ کمیٹی نے سندھ کے بیمار و مستحق ادیب و شعراء کے علاج معالجے اور بعض کی بیٹیوں کی شادی کے لیے محکمے کی طرف سے مالی معاونت کے لیے کل 92 لاکھ 50 ہزار روپے دینے کی منظوری دی ہے۔یہ منظوری محکمہ ثقافت کی اینڈوومنٹ کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی۔اجلاس میں سیکریٹری غلام اکبر لغاری، اراکین سید احمد شاہ، طلعت حسین، مظہر جمیل، محمد امین میمن، ایوب کھوسو، نیاز پہنور، فاروق سومرو، اسحاق انصاری، ڈی جی کلچر منظور احمد کناسرو، ڈائریکٹر کلچر اعجاز احمد شیخ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ثقافت سید سردار علی شاہ نے کہا کہ محکمے کی کوشش رہی ہے کہ بلاامتیاز ہر مستحق و بیمار ادیب، شاعر، ہنرمندوں اور سگھڑوں کے لیے بلا تاخیر علاج معالجہ اور مالی مدد کی جاسکے، جس کے لیے حال ہی میں ہم نے ان کے سالانہ وظیفے کی رقم بھی دوگنی کی تھی، اس کے علاوہ وقتاً فوقتاً خصوصی طور پر بھی اپنے لیجنڈز کی معاونت کررہے ہیں۔انڈوومنٹ کمیٹی کے اجلاس میں ادیب، شعراء، ہنرمند اور سگھڑ کے علاج معالجے و مالی امداد کی کل 115 درخواستیں پیش کی گئیں جن کی تفصیلی چھان بین کی گئی اور کمیٹی کی منظوری سے صوبے کے ادیب و شعراء کے علاج معالجے اور بعض کی بیٹیوں کی شادی کے لیے کل 92لاکھ 50 ہزار روپے کی مالی امداد کی منظوری دی گئی۔
سندھ کے ادیبوں،شعرا کیلئے وظیفہ دگنا۔۔
Facebook Comments