وفاقی سیکرٹری اطلاعات ونشریات عنبرین جان سے بدھ کو اسلام آباد میںکراچی پریس کلب کے سیکرٹری شعیب احمد کی سربراہی میں وفد نے ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔وفد میں پریس کلب کی گورننگ باڈی کے ارکان شمس کیریواورموناصدیقی شامل تھے۔کراچی پریس کلب کے وفد نے وفاقی سیکرٹری اطلاعات ونشریات عنبرین جان کوعہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔کراچی پریس کلب کے سیکرٹری شعیب احمد نے وفاقی سیکریٹری اطلاعات کوکراچی پریس کلب کا تعارف بیان کیا۔ملاقات میں صحافیوں کے لیے متعارف کروائے گئے وزیر اعظم ہیلتھ کارڈ کی رجسٹریشن کادوسرا مرحلہ شروع کرانے، صحافیوں کو درپیش مسائل خصوصاً کنٹریکٹ لیٹر ، تنخواہوں میں تعطل اور برطرفیوں کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پرکراچی پریس کلب کے سیکرٹری شعیب احمد نے وفاقی سیکرٹری اطلاعات کو پریس کلب کے دورے کی دعوت دی ۔انہوں نے کہا کہ کراچی پریس کلب نے ہمیشہ ملک میں جمہوریت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔پریس کلب صحافیوں کے مسائل کے حل میں تمام صحافتی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے ۔وفاقی سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان نے وفد سے گفتگو میں کہا کہ وفاقی حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے۔صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی وزارت اطلاعات ہر ممکن اقدام کرے گی۔انہوں نے کراچی پریس کلب کے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد کراچی آئیں گی اور پریس کلب کا دورہ کریں گی۔