لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری ، سینئر نائب صدر افضال طالب ، نائب صدر صائمہ نواز ، سیکرٹری زاہد عابد، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ ، فنانس سیکرٹری سالک نواز اور اراکین گورننگ باڈی نے عالمی صحافتی ادارے وائس آف امریکہ کی اچانک بندش کے امریکی حکومتی فیصلے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ دنیا بھر میں آزادی صحافت اور آزادی اظہار کا راگ الاپنے والی ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے یہ اقدام افسوسناک ہے اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں وائس آف امریکہ کے لئے کام کرنے والے صحافیوں کو صدارتی ایگزیکٹو آرڈر سے کسی پیشگی نوٹس کے بغیر نوکریوں سے برخاست کرنا غیرمناسب اقدام ہے جبکہ غیرامریکی ملازمین کو کسی قسم کی اضافی رقوم بھی نہیں دی جا رہی جس سے یہ صحافی اچانک بے سرو سامانی کا شکار ہو گئے ہیں۔صدر ارشد انصاری نے کہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے اس فیصلے سے عالمی سطح پرآزاد صحافت کو زد پہنچے گی اور ایک بااعتماد اور قدیم صحافتی ادارے کی اسطرح اچانک بندش کے خلاف ہر فورم پر اواز اٹھائیں گے۔