سینیٹ کے2018 کے انتخابات میں ووٹوں کی خرید و فروخت کے حوالے سے وائرل ہونیوالی ویڈیو کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی وزارتی تحقیقاتی کمیٹی نے ٹی او آرز بنالئے ہیں۔یہ ٹی او آر زفواد چوہدری، شیریں مزاری اور مشیر داخلہ شہزاد اکبر پر مشتمل کمیٹی نے گزشتہ روز اپنے پہلے اجلاس میں منظور کئے، انسانی حقوق کے وزیر کے دفتر کو سیکرٹریٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا،کمیٹی نے میڈیا پر ویڈیو جاری کرنیوالے صحافی کو مدعو کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔کمیٹی ان افراد سے بھی معلومات اکٹھی کریگی جو واقعہ کے بارے میں کسی بھی قسم کی معلومات رکھتے ہوں، ایسے افراد دستیاب معلومات تحریری طور پر یا کمیٹی کے سامنے ذاتی طور پر پیش ہو کر پیش کر سکیں گے، کمیٹی اس بات کا بھی تعین کریگی کہ خریدے گئے ووٹوں سے فائدہ اٹھانے والے کون تھے۔یہ بھی دیکھا جائیگاکہ مبینہ طور پر ارکان پارلیمنٹ کے ووٹوں کی خریداری کیلئے رقم فراہم کرنیوالے کون تھے، کمیٹی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد کارروائی کرنے کی بھی سفارش کریگی۔
