راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس اور نیشنل پریس کلب نے ڈاکٹر عمر عادل کی طرف سے اینکر پرسن غریدہ فاروقی اور دیگر خواتین صحافیوں کے حوالے سے نازیبا گفتگو کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ آر آئی یو جے کے صدر طارق علی ورک ،قائمقام جنرل سیکرٹری گلزار خان ،فنانس سیکرٹری ندیم چوہدری،نیشنل پریس کلب کے صدر اظہر جتوئی ،سیکرٹری نیئر علی ،فنانس سیکرٹری وقار عباسی و دیگر عہدیداران نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عمر عادل نے ذوہیب بٹ نامی یوٹیوبر کے ساتھ پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے غریدہ فاروقی اور دیگر خواتین صحافیوں کے حوالے سے جو نازیبا اور اخلاق سے گری ہوئی گفتگو کی ہے اس کی ہمارے معاشرے میں کوئی گنجائش نہیں ہے شعبہ صحافت میں خواتین صحافیوں کی گراں قدر خدمات ہیں جن کو فراموش نہیں کیا جا سکتا انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عمر عادل جیسے سطحی سوچ رکھنے والوں کا نفسیاتی معائنہ بھی ضروری ہے کیونکہ کوئی سمجھدار شخص اس طرح کی گفتگو نہیں کر سکتا۔ آر آئی یو جے اور نیشنل پریس کلب کی قیادت نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹر عمر عادل کے خلاف کاروائی کی جائے تاکہ آئندہ کوئی اس طرح کی گفتگو نہ کرسکے۔