کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کی جانب سے خواتین کے حوالے سے غیراخلاقی گفتگو، ٹی وی پروگرام میں گالم گلوچ اور اپنے الفاظ درست قراردینے کی شدید مذمت کی ہے۔ کے یو جے کے صدر اعجاز احمد، جنرل سیکریٹری عاجز جمالی، نائب صدور لبنیٰ جرار، ناصر شریف، جوائنٹ سیکریٹریزرفیق بلوچ، طلحہ ہاشمی، خازن یاسر محمود، اراکین مجلس عاملہ سیما شفیع، شیریں جامی، شمائلہ نواز، جیوتی مہیشوری، ثمین نواز، راشد قرار، مختار احمد، ایمانویل سیموئل، جاوید حسین خٹک اور علی جان نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ یہ بات افسوس ناک ہے کہ ملک کے اعلیٰ عہدوں پر ایسے افراد کو فائز کیا گیا ہے،جو اخلاقی پستی کا شکار ہیں، خصوصاً وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل جو آئے دن متنازع بیانات دیتے ہیں، مگر اب تو انہوں نے خواتین کے بارے میں بھی گھٹیا زبان استعمال کی، جسے نیشنل میڈیا کے ذریعے پورے ملک میں سنا گیا، جب کہ اس سے قبل وہ ایک ٹی وی ٹاک شو میں بھی گالیاں دیتے سنے گئے۔ کے یو جے نے شہباز گل کی شدید مذمت کرتے ہوئے تمام میڈیا ہائوسز سے مطالبہ کیا کہ وہ انہیں اپنے چینلز کے کسی ٹاک شومیں نہ بلائیں۔جب کہ ملک کی تمام صحافی تنظیموں سے بھی شہباز گل کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کا مطالبہ کیا۔
