ایوارڈ شو میں شرکت کیلئے ترکی جانے والی پاکستانی اداکارہ حمائمہ ملک کی طبیعت اچانک خراب ہونے پر انہیں ہسپتال داخل کرانا پڑ گیا جہاں ان کے اپینڈکس کا آپریشن کیا گیا۔ اداکارہ کی حالت اب بہتر ہے اور انہوں نے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔انسٹاگرام پر حمائمہ ملک نے اپنی تصاویر شیئر کی ہیں جن میں انہیں ہسپتال کے بیڈ پر لیٹے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ اداکارہ کے مطابق استنبول میں اچانک انہیں اپینڈکس کا درد ہوا جس کے باعث انہیں ہسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی سرجری کی گئی۔حمائمہ ملک نے ایک پوسٹ میں لکھا کہ انہوں نے موت کو انتہائی قریب سے دیکھا ہے، اللہ نے انہیں نئی زندگی دی ہے، انسان خود کو پتہ نہیں کیا کچھ سمجھتا ہے لیکن اصل بادشاہ اللہ ہے جو ایک لمحے میں سب کچھ ہلا سکتا ہے۔ اداکارہ نے بتایا کہ وہ اب روبصحت ہیں اور اپنے مداحوں سے اپیل کرتی ہیں کہ ان کیلئے دعاؤں کا سلسلہ جاری رکھیں۔
