آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی آزادی صحافت کو کچلنے کیلئے وفاقی حکومت کی مسلسل اور لگاتار کوششوں کی شدید مذمت کرتی ہے ۔جن میں حالیہ تجویز کردہ پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی شامل ہے جو اے پی این ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی کی رائے میں ملک کے تمام میڈیا کو کنٹرول کرنے کی سمت ایک تباہ کن کوشش ہے ۔ اے پی این ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز سوسائٹی کے صدر سرمد علی کی صدارت میں کراچی میں منعقد ہوا ، سرمد علی نے اجلاس کو پی ایم ڈی اے کے قیام کے ضمن میں میڈیا تنظیموں اور وفاقی حکومت و دیگر حکام کے ساتھ منعقد اجلاسوں اور ملاقاتوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اراکین نے متفقہ طور پر اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے اسے ایک پلیٹ فارم کے تحت تمام میڈیا کو کنٹرول کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجوزہ پی ایم ڈی اے ، پیمرا کی ایک توسیع شدہ شکل ہے جس کا مقصد تمام میڈیا کو مزید آمرانہ قوانین کے ذریعے کنٹرول کرنے اور آزاد میڈیا کی آزادی کو کچلنا ہے ایگزیکٹو کمیٹی نے مزید قرار دیا کہ یہ تجویز غیر آئینی ہے کیونکہ اٹھارویں آئینی ترمیم کے بعد پارلیمنٹ کو پرنٹ میڈیا کو منظم کرنے کیلئے وفاقی قانون سازی کا کوئی اختیار حاصل نہیں۔ اے پی این ایس نے میڈیا کے تمام اداروں کیلئے لائسنس اور رجسٹریشن کی تجدید کرنے کو لازمی قرار دینے کو یکسر مسترد کردیا ہے۔اس تجویز میں وفاقی حکومت کے تقرر کردہ اراکین پر مشتمل میڈیا ٹریبونل کا تصور بھی دیا گیا ہے جو میڈیا کو براہِ راست کنٹرول کرنے کی ایک شکل ہے یہ تصور انصاف اور موجودہ عدالتی نظام کے تقاضوں کے برعکس ہے کیونکہ اس میں ہائی کورٹ میں اپیل کی بھی نفی کی گئی ہے ان ٹریبونلز کو تین سال قید اور ڈھائی کروڑ جرمانہ کی سزاعائد کرنے کا اختیار بھی دیا گیا ہے جس سے یہ امر واضح ہوتا ہے کہ وفاقی حکومت تمام میڈیا پر اپنی گرفت مضبوط کرنا چاہتی ہے کمیٹی نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ تاحال میڈیا تنظیموں اور متعلقہ اداروں کو پی ایم ڈی اے کے قیام کیلئے مجوزہ قانون ہی فراہم نہیں کیا گیا جس کے بغیر مشاورت کا عمل ممکن نہیں۔ ایگزیکٹو کمیٹی نے ایڈورٹائزنگ کمیٹی کی جانب سے ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں کی درخواستوں کے بارے میں سفارشات کو منظور کرتے ہوئے میسرزایڈورٹائزنگ اینڈ بزنس کنسلٹنٹ (پرائیوٹ)لمیٹڈ پشاور کی ایکریڈیشن کی توثیق ، میسرز مارکوم (پرائیوٹ) لمیٹڈ اسلام آباد اور میسرز ونگز میڈیا (پرائیوٹ)لمیٹڈ لاہور کو پرویژنل ایکریڈیشن دینے کا فیصلہ کیا۔ جبکہ میسرز زینتھ ایڈورٹائزنگ کمیونیکیشن (پرائیوٹ) لمیٹڈکراچی کی تشکیل نو کی منظوری بھی دی۔ ایگزیکٹو کمیٹی نے ممتاز صحافی اور ایڈیٹر عارف نظامی ، غلام اکبر کی زوجہ اور انعام اکبر اور ندیم اکبر کی والدہ محترمہ شمیم اختر اور مجیب الرحمن شامی چیف ایڈیٹر( روزنامہ پاکستان لاہور) کے بڑے بھائی صاحبزادہ ضیاء الرحمٰن شامی اور فوزیہ شاہین پبلشر (ماہنامہ دستک) کی خالہ کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا اور ایصال ثواب کیلئے دعائے فاتحہ کی ۔
