کے یو جے دستور کا اہم مقصد صحافیوں کو تیزی سے بدلتی ہوئی میڈیا انڈسٹری میں مسابقت کے قابل بنانا ہے، ہم اپنے ارکان کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ ڈیجیٹل دور میں خود کو مؤثر رکھ سکیں، ان خیالات کا اظہار کے یو جے دستور کے جنرل سیکرٹری ریحان خان چشتی نے کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے زیراہتمام کراچی پریس کلب میں صحافیوں کیلئے ڈیجیٹل ٹولز اور پرسنل برانڈنگ کے عنوان سے منعقدہ تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا ، انہوں نے کہا کہ ورکشاپ کا مقصد صحافیوں اورمیڈیا ورکرزکو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل تبدیلی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا تھا، ریحان چشتی کا کہنا تھا کہ آج کا سیشن منزل کے حصول کیلئے ایک طویل سفر کا پہلا قدم ہے، ڈیجیٹل دور میں موثر رہنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا حصول ناگزیر ہے ، ورکشاپ میں کے یو جے دستور گورننگ باڈی کے رکن ، اسکلز اینڈ ڈیولپمنٹ کمیٹی کے انچارج اور سینئر صحافی ریحان حیدر نے ڈیجیٹل میڈیا کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالی، انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو اس جانب خاص توجہ دینےکی ضرورت ہے،اکثر صحافی مواقع کم ہونے اور میڈیا انڈسٹری کی تنزلی کی شکایات تو کرتے ہیں مگر خود اپنے آپ کو تبدیل کرنے اور جدید علوم حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر نہیں کرتے ہیں،معروف صحافی بابر علی نے سوشل میڈیا کے استعمال کیلئے گائیڈلائنز پر روشنی ڈالتے ہوئے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال کیلئے ضابطہ اخلاق کی ضرورت پر زور دیا، بابر علی کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کا غلط استعمال صارف کو مشکلات سے بھی دوچار کرسکتا ہے ، کے یو جے دستور کے صدر نصر اللہ چوہدری نے اختتامی سیشن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا تیزی سے ڈیجیٹل میدان میں ترقی کر رہی ہے، پاکستان کو ڈیجیٹل میڈیا جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،ورکشاپ میں مرد و خواتین کے ساتھ پہلی بار نوجوان طلبا و طالبات نے بھی شرکت کی اور ڈیجیٹل میڈیا اسکلز سیکھنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
