لاہور میں ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے نوجوان نے حادثاتی طور پر اپنی ٹانگ میں گولی مار کر خودکوزخمی کر لیا۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق یہ واقعہ لاہور کی ای ایم ای سوسائٹی میں پیش آیا۔ نوجوان کا نام غلام اللہ بتایا گیا ہے جس کی عمر 18سال ہے۔ اس نے ویڈیو بنانے کے لیے سکیورٹی گارڈ سے پستول مانگی ۔ویڈیو بناتے ہوئے حادثاتی طور پر گولی چل گئی جو نوجوان کی ٹانگ میں لگی۔ نوجوان کا کزن بابر حسین موقع پر موجود تھا جو اسے فوری طور پر جناح ہسپتال لے گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ نوجوان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔رواں سال مئی میں ایسا ہی ایک واقعہ سندھ کے ضلع مٹھیاری کے قصبے بھٹ شاہ میں پیش آیا تھا جہاں14سالہ طحہٰ راجپوت نامی نوجوان ٹک ٹاک ویڈیو بناتے حادثاتی طور پر گولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا تھا۔ طحہٰ راجپوت اپنے بیڈروم میں اکیلا تھا جب اس نے پستول کے ساتھ ویڈیو بنانے کی کوشش کی۔ گولی چلنے کی آواز سن کر گھر والے اس کے کمرے میں گئے تو وہ خون میں لت پت تڑپ رہا تھا اور کچھ ہی دیر میں دم توڑ گیا۔
ٹک ٹاکر کو وڈیو بنانے کے دوران گولی لگ گئی۔۔
Facebook Comments