ٹک ٹاک پی ایس ایل کا آٖفیشل انٹرٹینمنٹ پارٹنر۔۔
مختصر دورانیے کی ویڈیوز بنانے اور شیئر کرنے والے عالمی پلیٹ فارم ٹک ٹاک پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں اور آٹھویں ایڈیشن کا آفیشل انٹرٹینمنٹ پارٹنر بن گیا۔ اس شراکت داری کے تحت آئندہ دو ایڈیشنز تک پی ایس ایل کے مداح ٹک ٹاک کے ذریعے ایسا کنٹنٹ تیار کرسکیں گے جسے دنیا بھر میں دیکھا جاسکے گا۔ستائیس جنوری سے شروع ہونے والی پی ایس ایل 7 کا پہلا مرحلہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا مرحلہ 10 سے 27 فروری تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے۔دو سالہ شراکت داری کے اس معاہدے کے تحت پی ایس ایل ٹک ٹاک کے ساتھ مل کر کنٹنٹ تیار کرے گا اور کرکٹ فینز ہیش ٹیگ
#KhelegaPakistan
کا استعمال کرتے ہوئے پلیٹ فارم پر ٹورنامنٹ کے ناقابل فراموش لمحات کو ایک ساتھ منا سکیں گے، جسے دنیا بھر میں موجود ایک ارب سے زائد صارفین دیکھ سکیں گے۔ کرکٹ فینز اس ایپ پر پری اور پوسٹ میچ کنٹنٹ کے علاوہ میچ کی جھلکیاں بھی ملاحظہ فرماسکیں گے۔اس سے قبل ٹک ٹاک نے پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ شراکت داری کا کامیاب معاہدہ کیا تھا جسے ڈیڑھ ارب مرتبہ دیکھا گیا۔چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کا کہنا ہے کہ انہیں ٹک ٹاک کے پی ایس ایل 7 اور 8 کے آفیشل انٹرٹینمنٹ پارٹنر بننے پر خوشی ہے، ٹک ٹاک جیسے پلیٹ فارم نے سوشل میڈیا کنٹنٹ کی تخلیق میں انقلاب برپا کیا ہے۔
