ایک نیوزمیں تنخواہوں میں تین ماہ کی تاخیر، پی یوجے کااظہارتشویش۔۔

پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے ٹی وی چینل “ایک نیوز” میں تنخواہوں کی ادائیگی میں دو سے تین ماہ تاخیر ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ” ایک نیوز “کے مالکان اور انتظامیہ سے میڈیا ورکرز کو فوری تمام تنخواہوں کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے ۔ پی یوجے کی قیادت نے اس حوالے سے حکومت پنجاب اور وزیر اطلاعات عظمی بخاری سے اپنے اعلان کے مطابق فوری ایکشن لینے اور اس ادارے کے اشتہارات اور ان کے بقایاجات تنخواہوں کی ادائیگی سے مشروط کرنے پر زور دیا ہے ۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف ،جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی ، سینیئر نائب صدر یوسف رضا عباسی ، نائب صدر ندیم زعیم ،جوائنٹ سیکرٹری مدثر حسین تتلہ ، شیر علی خالطی ، خزانچی نسیم قریشی اور ایگزیکٹو کونسل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میڈیا انڈسٹری میں ایسے مالکان بڑی تعداد میں موجود ہیں جو میڈیا ورکرز کو بروقت تنخواہیں ادا نہیں کرتے جبکہ اکثر اداروں میں تو ویج ایوارڈ کے مطابق تنخواہیں ادا نہیں کی جاتیں ۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف نے” ایک نیوز” کے مالک اور انتظامیہ کی توجہ اس معاملہ کی سنگینی کی طرف دلاتے ہوئے کہا کہ یہاں تنخواہوں کی ادائیگی میں دو تین ماہ کی تاخیر اس لئے زیادہ تشویش ناک اور سنگین ہے کہ اس ادارے کے مالک ملک اسد کھوکھر کاتعلق حکمران جماعت مسلم لیگ نون سے ہے اور وہ پنجاب اسمبلی کے منتخب ایم پی اے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ “ایک نیوز” کی انتظامیہ اس معاملہ کا نوٹس لے ۔ پی یوجے کے جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی نے وزیر اطلاعات عظمی بخاری اور محکمہ تعلقات عامہ پنجاب سے اس ایشو پر فوری ایکشن لینے کا مطالبہ بھی کیا ہے ۔پی یوجے کی ایگزیکٹو کونسل نے خبردار کیا کہ ” ایک نیوز ” سمیت جس ادارے میں تنخواہوں کی ادائیگی اور ملازمین کی چھانٹیوں کا سلسلہ جاری ہے ان اداروں کا پی یوجے گھیرائو کرئے گی اور بھرپور احتجاج کیا جائے گا ۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں