روسی قونصل جنرل کا دورہ کراچی پریس کلب۔۔

روسی قونصل جنرل آندرے ویکٹوریچ فیڈروف نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی پر تیزی سے کام کررہے ہیں،پاکستان اسٹل ملز سے متعلق اہم نکات پر کام کررہے ہیں۔جب حتمی فیصلہ ہو گا تو ہم خود آگاہ کریں گے،اسرائیل غزہ میں معصوم بچوں کا قتل کررہا ہے، ایک دن اسرائیل کو اس ظلم کا جواب دینا پڑے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صدر پریس کلب  فاضل جمیلی،سیکرٹری سہیل افضل خان اور دیگر نے روسی قونصل جنرل کا کراچی پریس کلب آمد پراستقبال کیا ۔اس موقع پر فرائض منصبی انجام دینے کے دوران جاں بحق ہونے والے روسی صحافیوں کی تصاویر کی نمائش بھی ہوئی۔روسی قونصل جنرل  آندرے ویکٹوریچ فیڈروف نے کہا کہ مجھے کراچی پریس کلب کراچی آکر بہت خوشی ہوئی۔صحافیوں کا معاشرے کی فلاح و بہبود میں بہت اہم کردار ہے۔صحافت ایک بہت اہم شعبہ ہیں۔اس شعبے کی بہت اہمیت ہیں۔انہوں نے کہا کہ سچ کے راہ میں کئی روسی صحافیوں نے اپنی جان کے نذرانے پیش کیے۔روس ان صحافیوں کو کبھی نہیں بھول سکتا ہے۔ہم یہاں پر اپنے فرائض منصبی کے دوران جاں بحق ہونے والے صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ روسی قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی پر تیزی سے کام کررہے ہیں۔روس پاکستان کے منتخب نمائندوں کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت بڑی تعداد میں روس میں پاکستانی طلبہ کو مفت اسکالرزشپ فراہم کررہے ہیں۔روسی زبان سکھانے سے متعلق پاکستان میں کام کررہے ہیں۔ روسی قونصل جنرل  نے کہا کہ فلم بنانے سے متعلق پاکستان ایک بہترین ملک ہے۔ اکتوبر کے مہینے میں ایک وفد روس سے پاکستان آرہا ہے۔وہ وفد پاکستان میں ایک ڈاکیومنٹری شوٹ کرے گا جس سے  پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہوگا۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ افغانستان کے طالبان ایک حقیقت ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے ظلم کیا جارہا ہے۔اسرائیل معصوم بچوں کا قتل کررہا ہے، ایک دن اسرائیل کو اس ظلم کا جواب دینا پڑے گا۔ روسی قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان اسٹیل مل کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہواہے۔یہ کوئی آسان معاملہ نہیں ہے۔ لہذا صبر کریں۔پاکستان اسٹل ملز سے متعلق اہم نکات پر کام کررہے ہیں۔جب حتمی فیصلہ ہو گا تو ہم خود آگاہ کریں گے۔ہم دونوں ممالک اس حوالے سے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔قبل ازیں روسی قونصل جنرل  آندرے ویکٹوریچ فیڈروف نے صدر پریس کلب فاضل جمیلی، سیکرٹری سہیل افضل خان، خازن عمران ایوب سمیت مجلس عاملہ کے دیگرارکان اور سینئرصحافیوں سے ملاقات کی ۔اس موقع پر کراچی پریس کلب کی جانب سے روسی قونصل جنرل اجرک اور شیلڈ پیش کی گئی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں