خاور کی موت کے پس پردہ محرکات سامنے لائے جائیں، کراچی پریس کلب۔۔

کراچی پریس کلب نے اپنے ممبراور ڈان نیوز کے رپورٹرخاور حسین کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سندھ سے واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔کراچی پریس کلب سے جاری بیان میں صدر فاضل جمیل، سیکرٹری سہیل افضل خان اور مجلسِ عاملہ نے کہا کہ خاور حسین کی لاش سانگھڑ سے ان کی گاڑی سے برآمد ہونا انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے، جس نے پوری صحافتی برادری کو صدمے اور غم میں مبتلا کر دیا ہے۔خاور حسین ایک سنجیدہ اور باوقار انسان تھے، ان کی المناک موت نے صحافی برادری کو سوگوار کر دیا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت سندھ اس واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے موت کی اصل وجوہات اور پسِ پردہ محرکات کو سامنے لائے اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے۔کراچی پریس کلب کے عہدیداران نے اس دکھ کی گھڑی میں خاور حسین کے اہلِ خانہ سے اظہاریکجہتی کرتے ہوئے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ دریں اثنا کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے)  کے صدر اعجاز احمد، جنرل سیکریٹری لبنیٰ جرار نقوی، نائب صدور محمد ناصر شریف، راہب گاہو، خازن یاسر محمود، جوائنٹ سیکریٹریز طلحہٰ ہاشمی، روبینہ یاسمین اور مجلس عاملہ کے اراکین نے سینئر صحافی خاور حسین کی سانگھڑ میں گاڑی سے لاش ملنے  پر  رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سندھ سے  فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ کے یو جے کے عہدیداران نے کہاکہ سندھ حکومت کی ذمے داری ہے کہ وہ واقعے کے اصل محرکات کو سامنے لائے اور ملوث افراد کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔علاوہ ازیں کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور نے  ڈان نیوز کے رپورٹر اور اپنے ممبر خاور حسین کی پراسرار موت پر شدید رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے خاورحسین کی موت کی فی الفور آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، کے یو جے دستور نے وزیر اعلی سندھ اور وزیر داخلہ سندھ اے خاور حسین کی موت کی تحقیقات کیلئے اعلی سطح کمیٹی بنانے اور واقعے کی شفاف تفتیش کرانے کا بھی مطالبہ کیا، کے یوجے دستور نے  پولیس کی جانب سے خاور حسین کی موت کو فوری  پر خودکشی قرار دینے کی شدید مذمت کی اور آئی جی سندھ سے خاور حسین کے قتل کی ہر پہلو سے تفتیش کرانے کا مطالبہ کیا   کے یو جے دستور نے جواں سال رپورٹر کی ناگہانی موت پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہلخانہ سے بھی گہری تعزیت کااظہار کیا ، کے یو جے دستور کے صدر نصراللہ چودھری اور سیکرٹری ریحان خان چشتی نے مرحوم کے اہلخانہ سے رابطہ کرکے انہیں  ہر قسم کی معاونت  کی یقین دہانی کرائی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں