sharjeel memon nasir shah ko istaqbalia dene ka faisla

تیسری بار وزیراطلاعات بننے پر شرجیل میمن کو مبارکباد۔۔

پیپلز پارٹی نے شرجیل میمن کو وزیر اطلاعات سندھ کا قلمدان سونپ دیا۔ چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے اس ضمن میں نوٹی فکیشن جاری کردیا۔نوٹی فکیشن کے مطابق سینیئر صوبائی وزیر شرجیل میمن کے پاس ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ کا محکمہ بھی رہے گا، شرجیل میمن ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول کے محکمے کے وزیر بھی رہیں گے اور اب انہیں وزیر اطلاعات کا قلم دان بھی سونپ دیا گیا ہے۔آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی صدر  نازفرین سیگل لاکھانی اور سیکرٹری جنرل سرمد علی نے شرجیل میمن کو مسلسل تیسری بار وزیر اطلاعات سندھ بننے پر مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ان کی قیادت میں صوبائی حکومت کے پرنٹ کے ساتھ تعلقات مزید بہتر ہوں گے، میڈیا کو مزید مضبوط کیا جائے گا اور اخبارات کی صنعت کے بقایا جات کی بروقت ادائیگی اور اشتہاری بجٹ میں پرنٹ میڈیا کے واجب الادا حصہ مختص کرنے سے متعلق مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کیا جائے گا۔دریں اثنا  کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی ،سیکرٹری شعیب احمد اور دیگر عہدیداروں نے شرجیل انعام میمن کو وزیر اطلاعات سندھ مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے اپنے جاری بیان میں کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ شرجیل انعام میمن انتہائی متحرک شخصیت ہیں اور ماضی میں بھی انہوں نے کراچی پریس کلب اور صحافیوں کے مسائل حل کرانے کے سلسلے میں سنجیدہ اقدامات کے ہیں، صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی  نےامید ظاہر کی ہے کہ شرجیل انعام میمن کی قیادت میں وزارت اطلاعات سندھ  آزادی صحافت کا تحفظ کرے گی اور میڈیا کے ساتھ صوبائی حکومت کے تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گی۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ شرجیل میمن کے دور میں میڈیا کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا اور صوبے میں میڈیا کی ترقی کے لیے اقدامات کئے جائیں گے۔ سیکریٹری شعیب احمد نے کہا کہ  کراچی پریس کلب کی سالانہ گرانٹ میں اضافے کے حوالے سے شرجیل انعام میمن کی کاوشیں قابل ستائش ہیں امید ہے کہ وہ اس سال بھی کراچی پریس کلب کی گرانٹس میں اضافے کو یقینی بنائیں گے، انہوں نے کہا ہے ہمیں امید ہے کہ شرجیل انعام میمن میڈیا ہاؤسز میں جاری تنخواہوں کے بحران کا نوٹس لیں گے اور صحافیوں کے مسائل کو کراچی پریس کلب کے ساتھ مل کر حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں