موٹرویزاورقومی شاہراؤں کو حادثات سے محفوظ رکھنے میں روڈ سیفٹی ایجوکیشن کا کلیدی کردار رہا ہے،موٹرویزاورقومی شاہراہوں پرسفر کرنے والےمسافروں کو موسم، ٹریفک،متبادل راستوں کے بارے میں تازہ ترین صورتحال سے آگاہ رکھنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک قوانین سے آگاہی کیلئے موٹروے پولیس ایف ایم 95 ریڈیو کی بڑی اہمیت ہے،اسی اہمیت کو پیش نظر رکھتے ہوئےپیمرا نے موٹروے پولیس کو تین مزید شہروں کیلئے ریڈیو لا ئسنس جاری کر دیئے ہیں۔ سال 2015ء کو اسلام آباد سے موٹروے پولیس ایف ایم 95 ریڈیو سے نشریات کا باقاعدہ آغاز ہوا،سامعین نے نہ صرف روڈ سیفٹی نشریات کو سراہا بلکہ لائیو ٹیلی فون کالز کے ذریعے ریڈیو نشریات کا دائرہ کار پاکستان کے دیگر شہروں تک بڑھانے کی درخواست بھی کی۔انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویزاینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے چیئرمین پیمرا محمدسلیم بیگ سے مشاورت کی،حادثات کی روک تھام،شاہرا ؤں پر موسم اور ٹریفک کی تازہ ترین صورتحال اور ٹریفک ایجوکیشن کے حوالے سے ریڈیو کی اہمیت کو اجاگر کیا۔چیئرمین پیمرا نے موٹروے پولیس ایف ایم ریڈیو اور ادارہ کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ انسانی زندگیوں کو بچانے کیلئے کئے ہمارے کئے گئے اقدامات صدقہ جاریہ ہیں، ہم سب کو مل جل کر حادثات سے بچنے اور بچانے میں اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔چیئرمین پیمرا نے آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام کو پیمرا ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ مختصر خصوصی تقریب میں تین مزید شہروں کیلئے ریڈیو لا ئسنس جاری کر دیئے،اب موٹروے پولیس ایف ایم95ریڈیو کی نشریات نہ صرف اسلام آباد بلکہ خیبرپختونخوا کیلئےنوشہرہ، پنجاب کیلئے سرگودھا اور سندھ کیلئے جام شورو سے روڈ سیفٹی نشریات کا باقاعدہ آغاز بہت جلد علاقائی زبانوں میں بھی کیا جائے گا۔نشریات سے موٹرویز اور قومی شاہراہوں پرسفر کرنے والے مسافروں کو نہ صرف بروقت تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا جا سکے گا بلکہ ٹریفک قوانین سے آگاہی فراہم کر کے قیمتی جان ومال کے ضیاع کو روکا جا سکے گا۔
