گلوکار و اداکار علی ظفر نے اپنی کامیاب رومانوی و مزاحیہ فلم ’طیفا ان ٹربل‘ کا سیکوئل بنانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب بھی وہ سیکوئل فلم بنائیں گے وہ بھی ریکارڈ کمائی کرے گی۔علی ظفر نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں مختلف مسائل پر بات کرنے کے دوران پاکستانی اور بھارتی فلم انڈسٹری کے کام میں فرق پر بھی بات کی۔ایک سوال کے جواب میں اداکار کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری کے مقابلے بولی وڈ اس لیے کامیاب ہے کہ وہاں تمام لوگ اجتماعی سوچ رکھتے ہیں۔ان کے مطابق پاکستان میں لوگ اپنی غلطیاں تسلیم کرتے ہیں نہ غلطیوں سے سیکھنا چاہتے ہیں، جس وجہ سے ہمارے ہاں شوبز انڈسٹری ترقی نہیں کر رہی۔علی ظفر نے اپنی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ جیسے انہوں نے 2018 کی اپنی فلم ’طیفا ان ٹربل‘ ہدایت کار احسن رحیم کے ساتھ مل کر کی اور انہوں نے ان سے فلم کی کہانی سمیت ہر مسائل پر بحث کی، جس وجہ سے ان کی فلم اچھی ثابت ہوئی۔انہوں نے اعتراف کیا کہ فلم کے ہدایت کار احسن رحیم کے ساتھ بحث سے بہت ساری چیزیں واضح ہوئیں اور نتیجہ اچھا نکلا، اب ان کی فلم ایک فرنچائز کی صورت اختیار کر چکی ہے اور وہ اس پر دوسری فلم بھی بنائیں گے۔علی ظفر کے مطابق وہ جب بھی ’طیفا ان ٹربل‘ پر فلم بنائیں گے، وہ بھی کامیاب جائے گی لیکن فوری طور پر ان کا دوسری فلم بنانے کا ارادہ نہیں۔گلوکار نے فوری طور پر فلم نہ بنانے کا سبب بتاتے ہوئے بتایا کہ چوں کہ ابھی ان کے ذہن میں کوئی انتہائی اچھوتا خیال نہیں آ رہا، جس وجہ سے وہ ابھی فلم بنانے کا ارادہ نہیں رکھتے۔