حکومت سندھ نے ٹیکس چوروں کے نام اخبارات میں شائع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ایکسائز ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کے سیکرٹری سلیم راجپوت، ڈی جی اورنگزیب پنہور، ڈائریکٹرز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔دوران اجلاس شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ ٹیکس چور ملکی خوشحالی کے دشمن ہیں، ان کو کسی بھی صورت بخشا نہیں جائے گا، ٹیکس چوروں کے نام اخبارات میں شائع کئے جائیں گے، ان کے اکاؤنٹ فریز کرنے کے لئے بھی اقدامات کریں گے۔شرجیل انعام میمن نے صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کو بھی سراہا ،کریک ڈاؤن کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کی تعریف کی اور کریک ڈاؤن میں تیزی لانے کی ہدایات جاری کیں۔اجلاس میں گاڑیوں کی رجسٹریشن اور منتقلی بائیومیٹرک کے تحت کرنے کی بھی تجویز سامنے آئی،محکمہ ایکسائز سے متعلقہ تمام سٹیک ہولڈرز کی شکایات کے ازالے کے لئے اقدامات کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
ٹیکس چوروں کے نام اخبارات میں شائع کرانے کا فیصلہ
Facebook Comments