آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس ) نے توہینِ عدالت کیس میں جنگ گروپ کے صحافیوں پر فردِ جرم عائد کرنے پر اظہارِ تشویش کیا ہے۔ ایک بیان میں اے پی این ایس نے کہا کہ تصدیق شدہ بیان شائع کرنا بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ اصولوں اور صحافتی معیار پر مبنی ہے۔آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی نے جنگ گروپ سے تعلق رکھنے والے صحافیوں پر اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے توہین عدالت کی فرد جرم عائد کرنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اے پی این ایس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عدالت عالیہ کے اس حکم سے نہ صرف آزادی صحافت کی پہلے سے ابتر صورتحال بری طرح متاثر ہوگی بلکہ اس سے صحافیوں کی مفاد عامہ کے معاملات میں رپورٹنگ کرنے کی مزید حوصلہ شکنی ہوگی ۔ اے پی این ایس نے اس امر پر زور دیا ہے کہ ایک ایسے حلفیہ بیان جس کی تردید بھی نہ کی گئی ہو کو رپورٹ کرنے سے عدالت عالیہ کا احترام متاثر نہیں ہوتا بلکہ اس پر فرد جرم عائد کرنا آزادی اظہار پر قدغن اور عوام کے حق آگاہی سے انکار کے مترادف ہوگا جن صحافیوں کے خلاف توہین عدالت کی فرد جرم عائد کی گئی ہے انہوں نے مفاد عامہ کیلئے نیک نیتی سے حقائق منظر عام پر لانے کیلئے اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دیئے ہیں۔ اے پی این ایس نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ صحافیوں کے خلاف فرد جرم کا فیصلہ منسوخ کریں کیونکہ انہوں نے ایک مصدقہ بیان شائع کیا ہے جو بین الاقوامی طور پرتسلیم شدہ اصولوں ، اخلاقیات اور صحافتی معیارات پر مبنی ہے۔
