tarmeemshuda peca act se masail mazeed barhenge

ترمیم شدہ پیکا ایکٹ سے مسائل مزید بڑھیں گے، جسٹس وجیہ

عام لوگ اتحاد کے بانی و رہنما جسٹس (ر) وجیہ الدین احمد نے پیکا ایکٹ کو متنازع قانون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترمیم شدہ پیکا ایکٹ سے مسائل میں اضافہ ہوگا۔قانون کا مقصد چند افراد کو تحفظ فراہم کرنا ہے، لیکن جو باتیں ہوا کرتی تھیں وہ اب بھی ہوں گی۔ اپنے بیان میں جسٹس وجیہ الدین احمد نے کہاکہ پیکا ایکٹ 2017 میں ن لیگ کی حکومت لے کر آئی تھی، پھر جب یہ اپوزیشن میں چلے گئے اور زیر عتاب آئے تو انہوں نے کہا کہ ہم سے غلطی ہوگئی، اور کہا کہ حکومت میں آکر اس قانون کو ختم کردیں گے مگر حکومت میں آنے کے بعد پیکا ایکٹ کو مزید بگاڑ دیا۔انہوں نے کہاکہ اس میں اظہارآزادی رائے کو ملحوظ خاطر رکھنے کے لیے وعدے کے باوجود صحافیوں سے مشاورت نہیں کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیکا ایکٹ کا مقصد اداروں کا تحفظ نہیں ہے بلکہ ان ادارہ کے افراد، جو غلط کام کر رہے ہیں ان کا تحفظ ہے۔ نظر آرہا ہے کہ موجودہ حکومت کو عوام کے مسائل کے حل میں کوئی دلچسپی نہیں۔ پیکا جیسے قوانین اور انٹرنیٹ بندش سے صرف ملک میں مخالفین کی آواز کو کسی حد تک دبایا جاسکتا ہے۔ 3 سال کی سزائیں اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔ لیکن جو باتیں ہوا کرتی تھیں وہ تو ہوں گی۔ حکومت وہ کام کر رہی ہے جس سے داخلی مسائل کم نہیں ہوں گے بلکہ ان میں مزید اضافہ ہوگا۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں