مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے صحافی کے ایک سوال کے جواب میں تمام اخلاقی حدود کو پس پشت ڈالتے ہوئے اس پر شرمناک الزام عائد کردیا۔ صحافی اطہر متین کی ڈکیتی مزاحمت میں فائرنگ سے ہونے والی شہادت کو جائیداد کا تنازع قرار دے دیا۔یہی نہیں عظمیٰ بخاری نے اطہر متین کے ڈکیتی مزاحمت میں قتل کا الزام ان ہی کے بھائی طارق متین پر لگادیا۔اطہرمتین کے بھائی طارق متین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پرسوال کیا تو عظمیٰ بخاری اخلاقیات کی تمام حدیں ہی عبور کرگئیں۔طارق متین نے ایکس پر سوال پوچھا تھا کہ ریمنڈ ڈیوس کا وکیل کون تھا؟ جس کے جواب میں عظمیٰ بخاری نے لکھا کہ وکیل ہونا شرمناک ہے یا جائیداد کیلئے اپنے بھائی کو قتل کرانا؟اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے صحافی طارق متین نے ن لیگ کی رہنما عظمیٰ بخاری کے خلاف لیگل نوٹس بھیجنے کا عندیہ دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ میں نے ن لیگ کی جانب سے مذہب کارڈ کھیلنے سے متعلق بحیثیت صحافی ایک سوال کیا تھا کسی کی ذات پر حملہ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ جو وکیل عمران خان کا وہی سلمان رشدی کا اور جو وکیل اسحاق ڈار کا میر شکیل کا اور ناصر بٹ کا وہی وکیل سلمان رشدی کا تھا۔طارق متین اپنے شہید بھائی کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے اور عظمیٰ بخاری کی حرکت کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط دلیل، مدلل جواب اور کارکردگی نام کی کوئی چیز ان کے پاس نہیں یہ لوگ صرف ایسی باتیں ہی کرسکتے ہیں۔واضح رہے کہ نجی ٹی وی چینل کے صحافی اطہر متین کو گزشتہ سال 18فروری 2022کو کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے گولی مار کر قتل کیا تھا۔اس حوالے سے سابق سیکرٹری کراچی پریس کلب رضوان بھٹی نے بھی عظمیٰ بخاری کے اس عمل کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اطہر متین کی شہادت ڈکیتی مزاحمت کے دوران ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ایسا رجحان ہے کہ حقائق بتانے کی بجائےالزام عائد کر دیا جاتا ہے، سیاست میں نیا رجحان پیدا ہوگیا ہے کہ الزام لگائیں اور خاموش ہوجائیں۔رضوان بھٹی کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ کچھ سیاسی رہنما اپنی غلطیاں ٹھیک کرنے کے بجائے غلط راستے پر چل نکلے ہیں۔صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے کہا کہ صحافیوں کو اغواء کرکے خاموش نہیں کیا جاسکتا، صحافیوں کو چپ کروانے کیلئے ان کے خاندان کونشانہ بنایا جاتا ہے۔صحافی رہنما لالہ اسد پٹھان نے کہا کہ ایک سیاسی لیڈر کی جانب سے کسی پر جھوٹا الزام لگانا انتہائی شرمناک حرکت ہے۔