وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان کا کشمیری صحافیوں کی سب سے بڑی تنظیم کشمیر جرنلسٹ فورم کیلئے 50 لاکھ روپے گرانٹ اور دس ممبران کیلیے عمرہ ٹکٹ کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے کشمیر جرنلسٹ فورم کے نو منتخب ممبران سے حلف لیا۔تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری جاوید بٹ،سیکرٹری اطلاعات عنصر یعقوب، میڈیا ایڈوائزر سردار زاہد تبسم،صدر کشمیر جرنلسٹس فورم خاور نواز راجہ،سابق صدر فورم زاہد عباسی،جنرل سیکرٹری فورم سردار عقیل انجم، انویسٹمنٹ بورڈ آزادکشمیر کے چیئرمین امجد جلیل،سمیت صحافیوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔اس موقع پر تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صحافتی شعبہ سے مجھے ذاتی دلچسپی ہے،صحافیوں کے جملہ مسائل سے آگاہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ صحافی نامساعد حالات کہ باوجود اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری بخوبی انجام دے رہے ہیں۔کشمیر جرنلسٹ فورم نے اچھی جدوجہد کی، تحریک آزادی کشمیر،آزاد کشمیر کی سیاست اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں صحافیوں کا اہم کردار ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے اپنے خطاب میں کشمیر جرنلسٹ فورم کے 10 ممبران کو عمرہ ٹکٹ اور فورم کے لیے پچاس لاکھ روپے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کے لیے ہاؤسنگ اسکیم بنائی جائے گی،انہوں نے تجویز دی کہ فورم کے ممبران کی مدت کو دو کے بجائے تین سال کیا جائے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے سینئر صحافی سردار دلپذیر عباسی مرحوم کی فیملی کے لیے 10 لاکھ جبکہ کشمیر جرنلسٹ فورم کے سابق ممبران سردار شفیق، رفیق صدیقی، شیخ لطیف کی فیملیز کے لیے تین تین لاکھ روپے امدادی رقم دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحافی حکومت کے فلاحی و ترقیاتی اقدامات کو اجاگر کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔صحافی کو حق حاصل ہے کہ وہ تنقید کرے مگر تنقید برائے اصلاح ہونی چاہیے،صحافی ریاست کا اہم جز ہیں۔ اس موقع پر کشمیر جرنلسٹ فورم کے نو منتخب صدر خاور نواز راجہ نے وزیراعظم آزاد کشمیر کا تقریب میں خصوصی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی عوام کی طرح صحافیوں کی آخری امید کی کرن بھی سردار تنویر الیاس خان ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے تقریب کے اختتام پر سینئر صحافی سردار دلپذیر عباسی مرحوم سمیت دیگر مرحومین کے ایصال ثواب اور درجات بلندی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔
تنظیم کشمیر جرنلسٹ فورم کیلئے 50 لاکھ روپے گرانٹ۔۔
Facebook Comments