پاکستان فیڈرل یونین آف جسٹس کے صدر رانا محمد عظیم اور سیکرٹری جنرل شکیل احمد نے مختلف میڈیا اداروں کی جانب سے صحافیوں اور ورکرز کی ماہانہ تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماہ رمضان کے موقع پر تمام ادارے اپنے ورکرز کو تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کریں اور ان کے بقایا جات بھی عید سے قبل ادا کئے جائیں تاکہ سب میڈیا ورکرز اپنی فیملی کے ساتھ عید کی خوشیاں منا سکیں۔ پی ایف یو جے لیڈرشپ کو ملک کے مختلف میڈیا اداروں کے ورکرز کی جانب سے شکایات ۔وصول ہوئی ہیں کہ انہیں دو تین ماہ سے تنخواہیں باقاعدگی سے ادا نہیں کی جا رہیں جس کے باعث انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ پی ایف یو جے لیڈرشپ نے تنخواہوں کی باقاعدگی سے ادائیگی نہ کرنے والے میڈیا اداروں کو تنبیہ کی ہے کہ وہ جلد از جلد اپنے ورکرز کی تنخواہیں اور بقایا جات ادا کریں تاکہ وہ مہنگائی کے اس دور میں اپنی فیملیز کے ساتھ ماہ رمضان اور عید کے لئے خریداری کر سکیں۔ پی ایف یو جے لیڈر شپ نے بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کرنے والے اداروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بروقت ادائیگی نہ کرنے والے اداروں کے خلاف نہ صرف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی بلکہ ان کے دفاتر کے سامنے احتجاج بھی کیا جائے گا۔