کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) نے مختلف میڈیا ہائوسز کی جانب سے صحافیوں اور دیگر ورکرز کی ماہانہ تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کے یو جے کے صدر اعجاز احمد، جنرل سیکریٹری لبنیٰ جرار نقوی، نائب صدور محمد ناصر شریف، راہب گاہو، خازن یاسر محمود، جوائنٹ سیکریٹریز طلحہٰ ہاشمی، روبینہ یاسمین اور مجلس عاملہ کے اراکین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ماہ رمضان میں تمام ادارے اپنے ملازمین کو تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں اور ان کے بقایا جات بھی عید سے قبل ادا کئے جائیں تاکہ سب میڈیا ورکرز اپنے اہل خانہ کے ساتھ عید کی خوشیاں منا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف اداروں میں اس وقت کئی ماہ سے تنخواہیں باقاعدگی سے ادا نہیں کی جا رہیں جس کے باعث ملازمین کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے میڈیا ہائوسز کے مالکان پر زور دیا کہ وہ موجودہ صورت حال کے تدارک کے لیے جلد از جلد اقدامات کریں۔
