نیوز ون ٹی وی میں ملازمین کی تمام تنخواہیں رواں ماہ ادا کردی جائیں گی اس بات کی یقین دہانی ایئرویز میڈیا گروپ کے مالک طاہر اے خان نے پیر کو کراچی یونین آف جرنلسٹس کے وفد سے ملاقات میں کرائی جس نے صدر فہیم صدیقی کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ کے یو جے کے جنرل سیکریٹری لیاقت علی رانا، خازن جاوید قریشی اور مجلس عاملہ کی رکن لبنی ذیشان بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ وفد نے نیوز ون میں تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر اور ماضی میں منجمد کی گئی تنخواہوں کی ادائیگی کے مسئلے پر طاہر اے خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ طاہر اے خان نے کراچی یونین آف جرنلسٹس کے وفد کو بتایا کہ وہ ملازمین کی تمام تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے نہایت سنجیدہ ہیں رمضان کے آغاز سے قبل ماہ جنوری کی تنخواہ ادا کردی جائے گی جبکہ باقی رکی ہوئی تنخواہیں بھی وہ اسی ماہ ادا کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں اور اس پر نہایت سنجیدگی سے عملدرآمد کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ سرکاری اشتہارات کے بقایا جات کی ادائیگی میں تاخیر سے تنخواہوں کے مسائل پیدا ہوئے جنہیں اب ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے۔ کے یو جے کے صدر فہیم صدیقی نے اس موقع پر طاہر اے خان کو بتایا کہ کراچی یونین آف جرنلسٹس صحافیوں سمیت تمام میڈیا ورکرز کے حقوق کی جدوجہد میں مصروف عمل ہے مہنگائی کے اس دور میں میڈیا ہاوسز میں تنخواہوں کی تاخیر سے ادائیگی نے صحافیوں سمیت تمام میڈیا ورکرز کی زندگیوں کو انتہائی مشکل بنادیا ہے کراچی یونین آف جرنلسٹس نیوز ون میں تنخواہوں کے مسئلے کا مستقل حل چاہتی ہے اور اس معاملے میں نیوز ون کی انتظامیہ کا مثبت رویہ باعث اطمینان ہے اس موقع پر کے یو جے کے وفد نے نومبر 2019 میں نیوز ون کی انتظامیہ اور صحافی تنظیموں کے ماہین ہونے والے تحریری معاہدے کی نقل بھی پیش کی جس میں نیوز ون کے ملازمین کی منجمد کی گئی تنخواہوں کی ادائیگی کا شیڈول طے ہوا تھا۔
تمام زیرالتوا تنخواہیں رواں ماہ ادا کرنے کی یقین دہانی۔۔
Facebook Comments