azadi sahaafat ka aalmi din

ٹیلن نیوز سے جبری برطرفیوں پر لائسنس معطلی کا مطالبہ

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے نجی ایئر لائن ایئر سیال کے نام نہاد مالکان کی جانب سے لائے گئے نیوز چینل ٹیلن نیوز سے دو ماہ میں ہی بڑے پیمانے پر جبری برطرفیوں پر شدید احتجاج کرتے ہوئے چیئرمین پیمرا سے ٹیلن نیوز کے لائسنس کی فوری طور پر معطلی کا مطالبہ کیا ہے اور اس وقت تک وفاقی اور صوبائی نگراں حکومتوں سے ٹیلن نیوز کو فوری طور پر بلیک لسٹ کرتے ہوئے اسے کسی قسم کی اشتہارات نہ دینے کی اپیل کی ہے کے یو جے نے اپنے انتخابی منشور میں آزادی صحافت اور میڈیا ورکرز کے حقوق کی بات کرنے والی تمام سیاسی جماعتوں سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ ٹیلن نیوز پر اپنی الیکشن مہم سے لازمی گریز کریں۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر فہیم صدیقی اور جنرل سیکریٹری لیاقت علی رانا سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک احتجاجی بیان میں کہا گیا کہ سیالکوٹ کی سیاسی و کاروباری شخصیات چوہدری سلیم بریار اور چوہدری قیصر بریار نے اپنے سیاسی اور کاروباری مفادات کے لیے میڈیا انڈسٹری میں قدم رکھا تھا لیکن دو ہی ماہ میں ہوا کا رخ مخالف سمت میں دیکھ کر انہوں نے ٹیلن نیوز میں کراچی لاہور اور اسلام آباد سے بڑے پیمانے پر جبری برطرفیاں کی ہیں، برطرف کیے گئے ملازمین کو سادے کاغذ پر برطرفی کے پروانے دیئے گئے جبکہ ان کے بقایا جات بھی انہیں ادا نہیں کیے جارہے۔ کے یو جے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس فائز عیسی کو پی ٹی آئی حکومت کے آخری دور میں ٹیلن نیوز کا لائسنس جاری کیے جانے کی تحقیقات کرانی چاہئیں پی ٹی آئی حکومت کی کوشش تھی کہ ٹیلن نیوز کے مالکان جیسی شخصیات کو ٹی وی چینلز کے لائسنس دیئے جائیں تاکہ پی ٹی آئی کے ریاست مخالف بیانیے کو آگے بڑھایا جاسکے۔ بیان میں چیئرمین پیمرا محمد سلیم سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ٹیلن نیوز کے لائسنس کے اجرا میں بے قاعدگیوں کی تحقیقات کرائیں اور پیمرا قوانین کے تحت ٹیلن نیوز سے جبری برطرف کیے گئے تمام ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنائیں کے یو جے نے ملک بھر میں ٹیلن نیوز سے برطرف کیے گئے ملازمین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے یو جے انہیں اس مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں