عالمی شہرت یافتہ اداکار طلعت حسین شدید علیل ہوگئے۔ علالت کے باعث وہیل چیئر استعمال کرنے پر مجبور ہیں، اہل خانہ نے دعاؤں کی اپیل کردی۔نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے طلعت حسین کے اہل خانہ نے مداحوں سے دعا کی اپیل کی اور بتایا کہ شدید سگریٹ نوشی کی وجہ سے سینئر اداکار کے پھپھپڑے کم زور ہوگئے ہیں۔ ان کے پھپھپڑوں میں پانی بھر جاتا ہے، جس کی وجہ سے سانس لینے میں تکلیف ہوتی ہے۔ان کے اہل خانہ کے مطابق اداکار کئی مرتبہ گھرکے باتھ روم میں گر پڑے اور اب مجبوراً وہیل چیئر استعمال کر رہے ہیں۔تھیٹر، ریڈیو، ٹی وی اور فلم کے نامور فن کار طلعت حسین کی شریکِ حیات رخشندہ طلعت کا کہنا ہے کہ ان دنوں ہم بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، کوئی دِن اچھا گزرتا ہے تو کوئی دِن بہت بُرا گزرتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ طلعت صاحب کا اسپتال سے زیادہ گھر میں خیال رکھا جاسکتا ہے۔رخشندہ طلعت نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ہم بہت خوددار لوگ ہیں، حکومت سے مدد نہیں مانگیں گے، اگر کسی ثقافتی ادارے نے مدد کرنی چاہی تو اسے منع نہیں کریں گے کیوںکہ ہم کوئی ارب پتی لوگ نہیں ہیں۔ علاج معالجے پر بے انتہا پیسا خرچ ہورہا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ طلعت صاحب نے ساری زندگی اپنے فن کے ذریعے ملک و قوم کی خدمت کی ہے۔ اب سرکاری اداروں کا فرض بنتا ہے کہ وہ ان کا خیال رکھے۔