کراچی پریس کلب کے زیر اہتمام 24ویں رمضان المبارک میں تکمیل قرآن بسلسلہ نماز تراویح کی پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اراکین کراچی پریس کلب سمیت سینئر صحافیوں نے تقریب میں شرکت کی۔کراچی پریس کلب کے نائب صدرعبدالرشید میمن، سیکرٹری شعیب احمد،اراکین گورننگ باڈی اور سینئر صحافیوں نے حافظ کاشف اعوان، حافظ اسامہ، حافظ مسعود، حافظ سعد اللہ ، حافظ اسد اللہ اور قاری اسحاق کی حوصلہ افزائی کی انہیں اسناد اور تحائف پیش کیے۔تقریب میں ڈپٹی چیف رپورٹر روزنامہ جسارت واجد انصاری نے ہدیہ نعت پیش کیا۔سابق سیکرٹری کراچی پریس کلب مقصود یوسفی اور سیکرٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد نے اپنے خطاب میں نماز تراویح کے سلسلے کو 12 سال مکمل ہونے اور اس میں بھرپور تعاون کرنے پر حافظ کاشف اعوان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا،معروف عالم دین و خطیب جامع مسجد قبا مولانا ثناء اللہ رحمانی نے تکمیل قرآن کی اہمیت اور رمضان المبارک کی فضیلت سے متعلق مفصل خطاب کیا۔اس موقع پرغزہ اور کشمیر سمیت پوری دنیا میں امت مسلمہ کو درپیش مشکلات کے خاتمے ، اسرائیلی جارحیت کا شکار ہونے والے مظلوم فلسطینیوں کی دادرسی اور قبلہ اول کی آزادی اور پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔کراچی پریس کلب کے وفات پا جانے والے اراکین، اراکین کے وفات پاجانے والے عزیز و اقارب سمیت تمام مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے دعائے مغفرت بھی کی گئی، بیمار اور بزرگ اراکین کی صحت یابی اور اراکین کے بیماریوں میں مبتلا اہل خانہ و عزیز و اقارب کی صحت یابی کے لئے دعائے صحت کا اہتمام کیا گیا، کراچی پریس کلب کی تعمیر وترقی اور اسکے ذمہ داران کے لئے دعائے استقامت اورکراچی پریس کلب کی جائے نماز کی تزئین و آرائش اور تکمیل قرآن کی تقریب میں تعاون کرنے والے تمام اراکین اور اسٹاف کے لئے بھی خصوصی دعائوں کا اہتمام کیا گیا۔