سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے باہر روزنامہ نوائے وقت کراچی سے جبری برطرف اورریٹائرڈ ملازمین نے اپنے واجبات کی وصولی کےلئے انتظامیہ نوائے وقت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور چیف جسٹس جناب سید گلزار احمد کو مطالبات پر مبنی درخواست پیش کی جس میں محترم چیف جسٹس سپریم کورٹ سے واجبات کی فوری ادائیگی اور چیئرمین آئی ٹی این ای کی تعیناتی کے لئے احکامات صادر کرنے کی استدعاکی گِئی ہے ۔اس موقع پر مظاہرین نے بینرزاٹھارکھے تھے اور وقفے وقفے نعرے بازی کرتےرہے ۔۔دنیائے صحافت کا معتبر نام رونامہ نوائے وقت کے خلاف مظاہرہ وہاں موجود سیکیورٹی اداروں اور عوام کے لئے توجہ کا مرکز بنارہا ۔مختلف افراداس مظاہرے کی فلمبندی کرتے نظرآئے۔مظاہرے میں حاجی اظہاراحمد، محمد علی بٹ،چوہدری ارشد حسین،غلام عباس،عبدالرشید،سہیل ہاشمی،ودیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے متاثرین نوائے وقت ایکشن کمیٹی کے اراکین و سینئر صحافی شاکرحسین،بزرگ صحافی اور نوائے وقت کے سابق نیوزایڈیٹر حاجی احمد مجاہد اور سینئر صحافی رضاحیدر ودیگر نے جناب چیف جسٹس سے اپیل کی کہ نوائے وقت کے ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کو ممکن بناکر انہیں زندہ درگور ہونے سے بچایاجائے ۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیاکہ نظریہ پاکستان کامحافظ نوائے وقت کو تباہی سے بچانے کے لئے حکومت اسے اپنی تحویل میں لے کیونکہ نوائے وقت کے اثاثے نظریہ پاکستان کے نام پر بنے ہیں جو قومی اثاثہ ہے۔
