سنو نیوز انتظامیہ کی جانب سے درجنوں کارکنوں کا معاشی قتل انتہائی غیر انسانی ، غیر اخلاقی اور غیر قانونی اقدام ہے ، پنجاب یونین آف جرنلسٹس کی ایگزیکٹو کونسل نے ہنگامی اجلاس میں سنو نیوز کی انتظامیہ کی کارکن دشمنی کے بدترین روئیے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سنو نیوز سمیت ایسے ادارے جہاں کارکنوں کا معاشی تحفظ نہیں ان کے خلاف نہ صرف احتجاج کیا جائے گا بلکہ ان کا ہر سطح ہر محاسبہ بھی ہوگا ۔ صدر میاں شاہد ندیم نے کہا کہ سرکار سنو نیوز جیسے اداروں کو سرکاری اشتہارات کے معاوضے کی ادائیگی کارکنوں کی تنخواہوں سے مشروط کرے ۔ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف تو سنو نیوز کے مالکان خلافت کے نظام کے حوالے سے تحریک چلا رہے ہیں تو دوسری جانب کارکنوں کا بدترین معاشی استحصال کیا جا رہا ہے ۔ان سے روزگار چھیننے کے علاوہ جو لوگ ابھی ادارے میں باقی ہیں ان کی تنخواہوں میں کٹوتی کی گئی ہے ، اس منافقانہ روئیے پر صحافیوں کے حقوق کی علمبردار پنجاب یونین آف جرنلسٹس خاموش نہیں بیٹھے گی اور استحصالی نظام کیخلاف بھرپور مہم چلائی جائے گی ۔جنرل سیکرٹری قاضی طارق عزیز نے کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ کارکنوں کی معاشی گردن دبا کر سیٹھ مافیا اپنے اثاثے اور کاروبار بڑھائے ،اگر کارکنوں پر روزگار کا سلسلہ تنگ کیا جائے گا تو پھر ہم مالکان کی معاشی شہ رگ پر بھی ہاتھ ڈالیں گے اور حکومت سے درخواست کریں گے کہ و ہ ان کے اثاثے اور کاروبار منجمد کرکے کارکنوں کو بروقت ادائیگیوں کا پابند بنائیں ۔پی یو جے کی ایگزیکٹو کونسل نے ایک نیوز سمیت ایسے تمام اداروں کو بھی متنبہ کیا ہے جہاں کارکنوں کو تنخواہوں کی بروقت ادائیگی نہیں کی جا رہی اور ان کا بدترین معاشی استحصال جاری ہے ، ایسے اداروں نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو ان کا بھی ہر فورم پر محاسبہ کیا جائے گا ۔