دستور گروپ کراچی یونین آف جرنلسٹس ( ڈی ) نے سماء ٹی وی کے نیوز پروڈیوسر صحافی اطہر متین کی اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں جاں بحق ہونے پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئےپولیس کے اعلیٰ حکام کو متنبہ کیا ہے کہ وہ واقعہ کو من پسند رنگ دینے کی کوشش نہ کرے بلکہ ملزمان جلد از جلد گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرے۔۔دستور گروپ کی سینٹرل ایگزیکٹو کونسل نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ پولیس نے واقع کے فوراً بعد ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کی بجائے ڈی آئی جی ویسٹ نے واقع کو من پسند رنگ دیا اور کہا کہ ملزمان کی موٹر سائیکل کو اطہر متین کی گاڑی نے ٹکر نہیں ماری محکمہ داخلہ سندھ کو ڈی آئی جی کے اس بیان کا نوٹس لینا چاہیئے۔۔دستور گروپ نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ کراچی میں رینجرز پویس انٹیلیجنس ایجنسیوں کی بھاری نفری اور سی سی ٹی وی کیمروں کی موجودگی کے باوجود اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے جسکی اصل ذمہ دار وفاقی اور صوبائی حکومتیں ہیں۔۔دستور گروپ نے کہا ہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی اب تک کی وارداتوں میں صحافیوں اور ان اہل خانہ کی بڑی تعداد متاثر ہوئی ہے جس میں جان اور مال دونوں کا نقصان ہوا ہے۔۔دستور گروپ نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ اسٹریٹ کرائم میں متاثر ہونے والے صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کے نقصان کے ازالے کے لئیے فی الفور خصوصی فنڈ قائم کیا جائے جس سے جان سے جانے والے صحافیوں کی بیوہ اور یتیم بچوں کی کفالت کا انتظام کیا جاسکے۔۔