پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کیخلاف سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔ایکسپریس نیوز کے مطابق سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے صحافیوں کو کوریج سے روکنے کا معاملے پر درخواست میں وفاق، پیٹرن اِن چیف وزیراعظم شہباز شریف، سیکرٹری کابینہ کے علاوہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔سپورٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے درخواست عبدالواحد قریشی ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کی گئی ہے۔درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ متعدد نیشنل اور انٹرنیشنل کرکٹ مقابلوں کی کوریج کر چکے ہیں، کئی ورلڈکپ،ورلڈ ٹی20 اور چیمپئنز ٹرافیز بھی کور کیں لیکن اب بورڈ نے کوریج کے آئینی حق سے محروم کردیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے صحافیوں کو کوریج سے روکنا آئین کی خلاف ورزی ہے، بورڈ کو ناقص پرفارمنس پر ٹیم ہونے والی تنقید گراں گزری جبکہ صحافیوں کو کوریج سے روکنا آزادی صحافت کے خلاف وزری ہے۔