چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف لاہور (سجال) کے نومنتخب عہدیداران سے حلف لے لیا۔چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے اس موقع پر سجال کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سجال کے ارکان نے قذافی سٹیڈیم کی تعمیر نو کے دوران انتہائی مثبت کردار ادا کیااور کھیلوں کے فروغ اور کوریج کے حوالے سے ان کا کردار قابل تعریف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان میں انعقاد پاکستان کرکٹ کے لیے ایک سنگ میل ہے اور ہم تمام ٹیموں کی شایان شان میزبانی کریں گے۔چیئرمین پی سی بی نے اس موقع پر سجال کے مسائل کے حل کے حوالے سے اپنی حمایت کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وہ ہمیشہ صحافیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے تیار ہیں۔اس موقع پر سجال کی 11 رکنی نو منتخب باڈی نے حلف اٹھایا جس میں چیئرمین زاہد مقصود، وائس چیئرمین محمد یعقوب، صدر عقیل احمد، سیکرٹری محمد یوسف انجم، سینئر نائب صدر شہزاد ملک، نائب صدور چوہدری اشرف ، شیخ اعجاز، ایسوسی ایٹ سیکرٹری شہباز علی، خازن افضل افتخار اور معاون خصوصی احتشام الحق شامل ہیں۔پی سی بی کے ایڈوائزر عامر میر، ہیڈ آف مینٹورز وہاب ریاض، اور سجال ممبران بھی اس تقریب میں شریک تھے۔ چیئرمین سجال زاہد مقصود نے اس موقع پر سجال کے اغراض و مقاصد پر بریفنگ دی اور صحافت کے میدان میں ایسوسی ایشن کی خدمات کا اعادہ کیا۔
اسپورٹس جرنلٹس ایسوسی ایشن لاہور کی تقریب حلف برداری۔۔
Facebook Comments