تحریر: سید بدرسعید۔۔
یہ سوشل میڈیا کا دور ہے ۔ اس وقت اگر آپ غور کریں تو نیشنل اور انٹرنیشنل برانڈز اخبارات اور ٹی وی چینلز کو اشتہارات دینے کی بجائے سوشل میڈیا مارکیٹنگ کے جدید ٹولز سے فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔میڈیا میں آنے والے بحران کی ایک وجہ بھی یہی ہے کہ اخبارات اور چینلز کی آمدنی کا بڑا ذریعہ اشتہارات کی کمائی تھا جو بتدریج کم ہوتا جا رہا ہے ۔ ہم اس کی وجوہات پر گھنٹوں بحث کر سکتے ہیں لیکن حقیقت تسلیم کرنا پڑے گی کہ دور جدید کے بدلتے تقاضوں کے ساتھ سبھی کو بدلنا پڑےگا لیکن کامیاب وہی رہتے ہیں جو بروقت فیصلہ کرتے ہیں ۔
کورونا کی وجہ سے ویسے ہی دنیاتیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور آن لائن خرید و فروخت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ۔ شخصیات سے لے کر پراڈکٹس تک کی برانڈنگ اب سوشل میڈیا مارکیٹنگ کے ذریعے ہو رہی ہے اور بلاشبہ یہ ایک بڑی مارکیٹ ہے۔
سوشل میڈیا مارکیٹنگ کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ آپ ایک پوسٹ لگا دیں اور پھر اس پوسٹ کو بوسٹنگ پر لگا کر بری الذمہ ہو جائیں ۔ یہ پیسے ضائع کرنے کے سوا کچھ نہیں ہے ۔ البتہ سوشل میڈیا مارکیٹنگ کا ایک فائدہ یہ ہے کہ اس سے پہلے اپنی پراڈکٹ کو برانڈز نہ بنانے والوں کے پاس بہت کم وقت میں بڑے برانڈز کے مقابلے میں کھڑے ہونے کا موقع آ گیا ہے ۔
سوشل میڈیا مارکیٹنگ آپ کے لوگو ، پراڈکٹس شوٹ ، ڈیزائننگ ، مارکیٹنگ سٹریٹیجی ، پروموشن سٹریٹیجی ، لیڈ جنریشن ، کانٹنٹ ڈویلپنگ اور مارکیٹ کمپٹیشن سٹریٹیجی سے لے کر ان تمام مراحل کو مکمل کرنے کا نام ہے جو کسی بھی کاروبار کو ترقی دینے اور کسٹمرز تک پراڈکٹس یا سروسز کی رسائی کو آسان بنانے کے لیے ضروری ہے ۔
یہ فرد واحد کا کام بھی نہیں بلکہ اس کے بیک اپ میں ایک مکمل ٹیم کام کرتی ہے جو عام سی پراڈکٹ کو برانڈ بنانا جانتی ہے ۔اس وقت پاکستانی اشیا کو انٹرنیشنل مارکیٹ میں بیچنے سے لے کر علاقائی سطح پر بزنس بڑھانے کے لیے مالی ، کار سروسز ، لانڈھی جیسے گلی محلے کی دکان سروس جیسی سروسز دینے والے بھی سوشل میڈیا مارکیٹنگ کے ذریعے پہلے سے کئی گنا زیادہ کما رہے ہیں اور اپنی لوکل مارکیٹ سے کہیں آگے جا چکے ہیں ۔
یہی بدلتے حالات تھے جنہیں بھانپ کر میں نے ڈیجیٹل میڈیا میں پی ایچ ڈی کرنے کا فیصلہ کیا اور ڈیجیٹل میڈیا کے مختلف ٹولز سیکھنے شروع کیے ۔
میڈیا کے موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے میرا اپنے صحافی دوستوں کو بھی مشورہ ہے کہ اپنی ملازمت کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل میڈیا اور ڈیجیٹل مارکیٹ کی جانب توجہ دیں اور نئے ٹولز ، تکنیک لازمی سیکھیں ۔
جس طرح اخبارات سے بروقت چینل میں آنے والوں نے پیسے کما لیے تھے اور بعد میں آنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اسی طرح بروقت ڈیجیٹل میڈیا میں قدم جمانے والے پیسے کما لیں گے اور تاخیر کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا ۔
یاد رکھیں ! بڑے برانڈز اور کمپنیاں اب سوشل میڈیا مارکیٹنگ کے لیے بھاری بجٹ مختص کر رہی ہیں لہذا سوشل میڈیا مارکیٹنگ کی مدد سے ہم جتنا کما لیتے ہیں وہ ماضی میں ممکن نہیں تھا لیکن ممکن ہے چند سال بعد کوئی نیا میڈیم آ جائے اور ہمیں اس میڈیا کو اپنانا پڑے ۔وقت کے ساتھ فیصلہ کرنا ہی دانشمندی ہے (سید بدر سعید)۔۔
