جوائنٹ ایکشن کمیٹی میں شامل میڈیا اداروں نے پی ایم ڈی اے کو مسترد کردیا ہے۔ جب کہ قوانین کی بہتری اور جعلی خبروں کی روک تھام پر اتفاق کیا گیا اور آزادی اظہار رائے کا ساتھ دینے والوں سے اظہار تشکر کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق،پی ایم ڈی اے کے خلاف بننے والی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے اپنے جاری اعلامیے میں کہا ہے کہ میڈیا اداروں نے پی ایم ڈی اے کو مسترد کردیا ہے۔ جب کہ قوانین، ریگولیشنز کی بہتری اور جعلی خبروں کی روک تھام پر اتفاق کیا گیا ہے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے تمام افراد اور اداروں بالخصوص میڈیا نگرانی کے ادارے، وکلا کی ایسوسی ایشنز، انسانی حقوق کی تنظیموں ، سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کا ملک میں اظہار رائے کی آزادی کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا۔ بدھ کے روز اے پی این ایس، سی پی این ای، پی ایف یو جے، پی بی اے، ایمینڈ اور وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری اور وزیر مملکت فرخ حبیب کے درمیان ہونے والی ملاقات کے حوالے سے جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے پی ایم ڈی اے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا۔ تاہم، اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ جعلی خبروں بالخصوص سوشل میڈیا پر آنے والی جعلی خبروں کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دی جائے، جو میڈیا ورکرز کے حقوق اور قوانین و ریگولیٹری فریم ورک میں مزید بہتری کے لیے کام کرے گی۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رکن ادارے اپنے نمائندگان کی نامزدگی کریں گے جو ان مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت کے نمائندگان سے بات چیت کریں گے۔
