سوشل میڈیا گردی کا شکار پاکستانی اداکارائیں

سوشل میڈیا ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو کسی کوبھی راتوں رات مشہور بنادیتاہے جب کہ یہی سوشل میڈیا کسی کی بھی مثبت امیج کو تباہ کرنے میں زیادہ دیر نہیں لگاتا۔پاکستانی اداکاراؤں نے جہاں اپنی مقبولیت میں مزید اضافے کے لیے سوشل میڈیا پر اپنے اکاؤنٹس بنائے وہیں سوشل میڈیا نے چند پاکستانی اداکاراؤں کی شخصیت کے امیج کو خراب  کرنے میں بھی اہم کردار اداکیا جس کی بڑی مثال ماہرہ خان، صبا قمر نیلم منیر خان، ہانیہ عامر اور ماورا حسین ہیں۔

ماہرہ خان: صف اول کی اداکارہ ماہرہ خان نے جہاں اپنے کام سے شوبز میں نام بنایا وہیں ایک ’’سگریٹ اسکینڈل‘‘ نے ان کی شہرت کو بہت نقصان پہنچایا۔ دوسال قبل 2017 میں ماہرہ خان کی بھارتی اداکار رنبیر کپور کے ساتھ سگریٹ پیتے ہوئے تصاویر وائرل ہوئی تھیں جنہوں نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ مچادیا تھا اور ماہرہ خان کو مختصر کپڑوں میں رنبیر کپور کے ساتھ سگریٹ پینے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایاگیا تھا بعد ازاں ماہرہ کو وضاحت دیتے ہوئےکہنا پڑا تھا کہ انہوں نے اس واقعے سے سبق حاصل کیاہے، اس کے علاوہ انہوں نے معافی بھی مانگی تھی۔

صبا قمر: صبا قمر کا شمار پاکستان شوبز انڈسٹری کی صاف گو اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو کبھی بھی اپنی رائے دینے سے پیچھے نہیں ہٹتیں۔ تاہم صبا قمر اس وقت سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں آگئیں جب ان کی ایک تصویر لیک ہوئی جس میں انہوں نے نامناسب لباس پہناہوا تھا اور ان کے ہاتھ میں بھی سگریٹ تھی۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ صبا قمر نے یہ تصاویر سستی شہرت حاصل کرنے اور میڈیا میں بنے رہنے کے لیے جان بوجھ کر لیک کروائی ہے۔ جب سوشل میڈیا پر تنقید حد سے بڑھ گئی تو صبا قمر نے وضاحت دیتے ہوئے کہا مجھے معلوم نہیں کہ اس تصویر کو اتنا زیادہ کیوں اچھالاجارہا ہے۔

ماورا حسین:حال ہی میں نامور پاکستانی اداکارہ ماورا حسین نے اسکول آف لندن سے گریجویشن کی ڈگری  حاصل کرنے کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، تاہم جہاں انہیں ان کے چاہنے والوں نے مبارکباد دی وہیں ڈگری کا دکھاوا کرنے پر ماورا کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایاگیا اور صارفین کی جانب سے ان پر الزام لگایاگیا کہ ماورا نے یہ تصاویر سوشل میڈیا پر فعال رہنے اور سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے شیئر کی ہیں۔

ہانیہ عامر:2017 کے آخر میں ’’پرواز ہے جنوں‘‘ کی اداکارہ اور ماڈل ہانیہ عامر کواس وقت سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایاگیا جب انہوں نےایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ جہاز میں اپنی سیٹ کے پیچھے بیٹھے مسافر کی بغیر اجازت تصویر بنانے کی کوشش کررہی تھیں۔ ہانیہ عامر کی حرکت بہت ہی غلط تھی لہٰذا سوشل میڈیا صارفین نے ان پر مثبت تنقید کی اورانہیں ان کے عمل کے لیے آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا اگر اس وقت ہانیہ کی جگہ کوئی آدمی کسی عورت کی بغیر اجازت تصویر لینے کی کوشش کررہا ہوتا تو اس پر جنسی ہراسانی کا الزام لگ جاتا۔ بعدازاں اپنی غلط حرکت کے لیے ہانیہ عامر کو معافی مانگنی پڑی تھی۔

نیلم منیر: نامور پاکستانی اداکارہ نیلم منیر کی دوسال قبل وائرل ہونے والی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچادیا تھا اس ویڈیو میں نیلم منیر کار میں بیٹھی بھارتی گانے پر رقص کرتی نظر آرہی تھیں۔ اس ویڈیو پر نیلم منیر پر سخت تنقید کی گئی تھی۔(بشکریہ ایکسپریس)۔

How to Write for Imran Junior website
How to Write for Imran Junior website
Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں