خصوصی رپورٹ۔۔
ملک بھر میں 4 گھنٹے تک بند رہنے کے بعد سوشل میڈیا بحال کردیا گیا۔حکومت نے 11 سے 3 بجے تک ملک میں سوشل میڈیا پر عارضی پابندی لگائی اور اس حوالے سے پی ٹی اے کو سوشل میڈیا سائٹس بند کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔فیس بک، واٹس ایپ، یوٹیوب، ٹوئٹر، ٹیلی گرام، ٹک ٹاک سروسز کچھ دیر کے لئے معطل کی گئیں، اور تمام سوشل میڈیا سائٹس سہ پہر 3 بجے کے بعد دوبارہ کھولی گئیں۔حکومت کو نمازجمعہ کے بعد ٹی ایل پی کے کارکنوں کے احتجاج کا خدشہ تھا، جس پر وزارت داخلہ نے 11 سے 3 بجے تک سوشل میڈیا بلاک کرنے کے احکامات جاری کیے، اور پی ٹی اے کو ٹویٹر، فیس بک، واٹس ایپ سمیت دیگر پلیٹ فارمز کو بلاک رکھنے کی ہدایت جاری کردی گئیں۔
دریں اثنا وزیرداخلہ شیخ رشید نے ملک بھر میں سوشل میڈیا بند کرنے پر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں دہشت وانتشار اور سوشل میڈیا کے ذریعے بے چینی پھیلانے والوں کو شکست ہوئی۔اپنے ویڈیو بیان میں وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں معذرت خواہ ہوں کہ ہم نے ملک بھر میں 3 گھنٹے کے لیے فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام سمیت سوشل میڈیا بند کیا کیوں کہ ان کی کال ایسی تھی کہ شاید یہ جمعہ کی نماز کے بعد سڑکوں پر نکلیں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ ہم آئندہ سوشل میڈیا بند نہیں کریں گے، آج سوشل میڈیا بند کرنے سے پورے ملک میں جمعہ پرسکون گزرا، تحریک لبیک والے پاکستان کے کسی کونے سے بھی باہر نہیں نکلے، میں پاکستان کی پولیس اور رینجرز سمیت پنجاب اور کراچی کی انتظامیہ کو مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ آج ملک میں دہشت وانتشار اور سوشل میڈیا کے ذریعے ملک میں بے چینی پھیلانے والوں کو شکست ہوگئی، آگے سے کوشش کریں گے کہ سوشل میڈیا کی بھی تکلیف نہ ہو اور ملک میں انتشار پھیلانے والے، آکسجین سلینڈر کی گاڑیاں اور ایمبولینس روکنے والے، اور عام لوگوں کے نقل وحمل میں رکاؤٹ ڈالنے والوں کو شکست ہوگئی ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے تحریک لبیک کی جماعت کو کالعدم قرار دے دیا ہے، ان کے بینک اکاؤنٹس بھی بند کریں گے اور ان کے پاسپورٹ اور آئی ڈی کارڈ ریکارڈ میں لائیں گے، کسی صورت بھی ملک میں دہشت گردی کی اجازت نہیں دیں گے۔
دوسری جانب سی ٹی ڈی نے سوشل میڈیا پر کالعدم مذہبی جماعت سے منسوب اکاؤنٹس کی نشاندہی کرلی۔سی ٹی ڈی نے سوشل میڈیا پر کالعدم مذہبی جماعت سے منسوب سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی کرلی اور اس کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر ہنگامہ آرائی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کی تعریفیں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا بھی فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں باقاعدہ طور پر لیٹر بھی جاری کردیے گئے ہیں۔ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد کے دستخط سے جاری کردہ لیٹر کے مطابق سوشل میڈیا پر ہنگامہ آرائی کے لیے اکسانے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے ایف آئی اے سائبر کرائم سے رجوع کیا گیا ہے۔ لیٹر میں سوشل میڈیا ایپس پر موجود کالعدم مذہبی جماعت سے منسوب اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں اور ایف آئی اے سے کہا گیا ہے کہ وہ ان کے خلاف کارروائی کرے۔(خصوصی رپورٹ)۔۔