تحریر: علی حسن
اخباری اطلاعات کے مطابق پولیس نے نو مئی کے واقعات کے بعد خواتین کی گرفتاریاں اور رہائی کے اعداد و شمار پر مبنی رپورٹ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کو جمع کروا دی ہے۔رپورٹ کے مطابق آٹھ شہروں سے 66 خواتین کو گرفتار کیا گیا، لاہور سے 37، فیصل آباد سے 8 اور راولپنڈی سے 12 خواتین کو پکڑا گیا ہے۔ گجرات اور چکوال سے ایک ایک جبکہ پاکپتن سے 2 خواتین کو گرفتار کیا گیا۔ ملتان سے 4 خواتین کو حراست میں لیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ کو جمع کروائی گئی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ 15 خواتین کی شناخت پریڈ کروائی گئی جبکہ 38 خواتین کو ضمانتوں پر رہائی مل گئی ہے۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی ہنگامے میں ملوث ہونے کی پاداش میں حراست میں لیا گیا۔ خواتین کے ساتھ پنجاب پولس نے جس طرح کا رویہ اختیار کیا اس سے بادی النظر میں ایسا لگتا ہے کہ خواتین کی تذلیل کرنے کیے علاوہ انہیں تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا ہے۔ اب تو وڈیو کا دور ہے۔ خواتین کو مرد پولس والے جس انداز میں جانور کی طرح اٹھا اٹھا کر پولس کی گاڑیوں میں عملا پھینک رہے ہیں وہ تذلیل کرنے یا تشدد کرنے سے زیادہ ہی کچھ ہے۔ سیاست میں پہلی بار خواتین کی بہت بڑی تعداد نے حصہ لیا ہے۔ ان کا جھکاﺅ عمران خان کی پارٹی کی طرف ہے۔ ایک سیاسی مبصر کے مطابق سیاست میں متحرک خواتین کو ان کے اسی رجحان کی سزا دینا مقصود ہے۔ یہ مبصر اس کی ذمہ داری عمران خان کے مخالف سیاسی عناصر پر ڈالتے ہیں۔
تحریک پاکستان اور اس کے بعد سیاست میں خواتین کی تعداد خال خال ہی تھی۔ حالانکہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کے صدارتی امیدوار کی حیثیت سے بھی ا نتخابات میں حصہ لینے کے وقت بھی نہیں تھا۔ 1970 میں ہونے والے عام انتخابات کے دوران بھی خواتین کی اتنی بڑی تعداد سامنے نہیں آئی تھی۔ ایک طرح سے وہ مردوں کا انتخاب تھا حالانکہ مادر ملت کو کراچی اور ڈھاکہ میں اپنے مخالف امیدوار جنرل ایوب خان پر برتری حاصل تھی اور حیدرآباد میں دونوں امیدواروں کے ووٹ برابر رہے تھے ۔ سیاسی جماعتوں نے بھی خواتین کی عمومی طور پر ہمت افزائی نہیں کی ہے۔ پیپلز پارٹی کی سربراہ تو مرحومہ بے نظیر بھٹو تھیں انہیں چاہئے تھا کہ خواتین کی زیادہ تعداد کو براہ راست انتخابات میں امیدوار بناتی لیکن مردوں کے معاشرے میں وہ بھی خوف زدہ تھیں کہ لوگ ووٹ دیں گے بھی یا نہیں۔ حالانکہ ان کی نامزد امیدواروں کو تو ووٹ ملنا ہی ملنا تھا۔ بہر حال مردوں نے بھی خواتین کی کبھی بھی شعوری طور پر ہمت افزائی نہیں کی ہے۔ سیاسی جماعتوں نے بہت مہربانی کی تو وہ یہ تھی کہ انہیں خواتین کی مخصوص نشستوں پر امیدوار نامزد کر دیا تھا۔ بیگم عابدہ حسین جیسی خواتین تو انگلیوں پر گننے جیسی بھی نہیں ہیں جنہوں نے انتخابات میں مردوں کے مقابلے میں حصہ لیا ہو اور کامیابی حاصل کی ہو۔
راقم کو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ خواتین کی دانستہ اور شعوری طور پر ہمت شکنی کی جاتی ہو۔ خواتین کی بہت بڑی تعداد اپنی رضا مندی سے عمران خان اور تحریک انصاف کی حمایتی بنی ہیں۔ ان میں سے تو بعض سے اپنے والدین اور بعض سے اپنے شوہروں کو مجبور کیا کہ انہیں عمران خان کی پارٹی میں شامل ہونے کی اجازت دی جائے ۔ جوان بچوں کے سامنے والدین کا موقف اکثر ڈھیلا پڑ جاتا ہے۔ خواتین مختلف رویوں کی وجہ سے بھی سیاست سے بد ظن رہتی ہیں۔ آدھی رات کو ان کے گھروں پر جب ان کے مرد ساتھی تنظیم سازی کرنے پہنچ جائیں تو وہ سیاست سے فاصلہ برقرار رکھنا ہی بہتر سمجھتی ہیں۔ نا پسندید ہ حالات اور رویوں کے باجود بہت ساری خواتین نے تکالیف کے باوجود استقامت کا ثبوت دیا ہے۔ پنجاب سرکار کے کئی دفعہ سابق وزیر آعلی اور اسپیکر رہنے والی شخصیت چوہدری پرویز الاہی کی اہلیہ کے ساتھ جو رویہ اختیار کیا گیا وہ افسوس ناک ہے۔ پرویز الاہی نے اپنی سیاسی زندگی میں مزاحمت کی سیاست سے گریز کیا لیکن اپنی اہلیہ قیصرہ الاہی اور صاحبزادے مونس الاہی کی تجویز پر انہوں نے تحریک انصاف میں باضابطہ شمولیت اختیار کی اور بھر دٹ گئے۔ انہیں کسی واضح مقدمہ کی غیر موجودگی میں جس طرح رگیدہ جارہا ہے وہ صاف صاف نظر ٓتا ہے کہ انتقامی سیاست ہو رہی ہے۔ ان کی اہلیہ قیصرہ الاہی نے اپنے شوہر کے ساتھ کئی کوشش اور جتن کرنے کے بعد اپنے شوہر کے ساتھ اپنی پہلی ملاقات کے بعد اپنے بیان پر مبنی جو وڈ یو جاری کی اسے سن کر دل لرزتا ہے کہ سیاسی مخالف ہونے کا خمیازہ اس طرح بھی بھگتا جاتا ہے۔ محترمہ قیصرہ اپنے وقت کے حزب اختلاف کے قد آور رہنماءچوہدری ظہور الاہی کی صاحبزادی ہیں۔ انہیں یاد ہوگا کہ ظہور الاہی مرحوم نے بھٹو دور میں سیاسی مخالفت کا بڑا خمیازہ بھگتا تھا اور اس کی بڑی قیمت چکائی تھی۔ نواب اکبر بگٹی مرحوم نے ایک انٹر ویو میں راقم کو بتایا تھا کہ بھٹو تو ظہور الاہی کو قتل کرانے کے در پے تھے۔ بھٹو نے اکبر بگٹی کو کہا تھا کہ ظہور الاہی کو وہ قیدی کی حیثیت سے بلوچستان بھیج رہے ہیں ، میں (اکبر بگٹی) انہیں دوران سفر قتل کرا دوں۔ اکبر بگٹی کا کہنا تھا کہ انہیں نے ایک موٹی سی گالی دے کر بھٹو کو کہا تھا کہ وہ بلوچستان میں ہمارا مہمان ہے اور ہم مہمان سے ساتھ ایسا سلوک نہیں کرتے ہیں۔ اکبر بگٹی اس وقت بلوچستان کے بھٹو کے نامز کردہ گورنر تھے۔ اس واقعہ سے مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت ممکن ہے واقف ہوں کیوں کہ اکبر بگٹی کے ساتھ ان کے دوستانہ مراسم تھے ۔ بہر حال بیگم پرویز الاہی کو ایک رات فون آیا کہ اسپتال آجائیں ان کے شوہر کی طبیعت ناساز ہے، وہ کہتی ہیں کہ وہ بھاگم بھاگ اسپتال پہنچی تاکہ ملاقات کر سکیں ۔ لیکن بقول ان کے انہیں کم از کم چار سے پانچ گھنٹے انتظار کرانے کے بعد ملاقات کرائے بغیر ہی واپس کر دیا گیا۔ پھر انہو ں نے ملاقات کی نئی سرے کوشش کا آغاز کیا اس میں بھی وہ کامیاب نہیں ہو سکیں۔ پھر تیسری کوشش میں وہ مختصر ملاقات کرنے میں کامیاب ہو سکیں۔ اپنی اب تک کی آخری ملاقات کے بعد ان کا کہنا تھا کہ انہیں ان کے شوہر جسمانی طور پر بہت کمزور نظر آئے لیکن ان کا حوصلہ چٹان کی طرح مظبوط تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اسی بات کی بہت خوشی ہے کہ ان کا شوہر مضبوط اعصاب کے ساتھ کھڑا ہے۔
عدالت میں اپنی ایک پیشی کے موقع پر پرویز الاہی نے شکوہ کیا کہ انہوں نے دس دن سے ایک ہی شلوار قمیص پہنی ہوئی ہے۔ پرویز الہٰی کا شمار ان افراد میں ہوتا ہے جنہیں خوش لباس کہا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ 10 دن سے ایک ہی شلوار قمیص پہنی ہوئی ہے۔ 6 فٹ کا ایک سیل ہے میری ٹانگیں بھی ا ±س میں سیدھی نہیں ہو سکتیں۔ اس میں انہیں قید رکھا گیا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ ان کی ادویات بھی ان تک نہیں پہنچ رہیں ہیں۔انہوں نے شکایت کہ کہ اس کے پاﺅں سوج گئے ہیں، کارڈیالوجی میں ٹیسٹ بھی آدھے ہوئے ہیں۔ غرض بظاہر انہیں جسمانی اور ذہنی طور پر اذیت میں رکھنا مقصود ہے۔ پرویز الاہی کے ساتھ ایسا اس صورت میں ہو رہا ہے جب کہ عدالت انہیں دو مقدمات میں بری کرنے کا حکم دے چکی ہے۔سیاست کے موجودہ دور میں بہت ساری تکالیف کے باوجود بہت سارے لوگ استقامت کے ساتھ اپنی سیاسی سوچ کر ساتھ کسی سہارے کے بغیر کھڑے ہیں۔ ایسے ہی استقامت اور استقلال والے لوگ کسی معاشرے میں مستحکم سیاسی اصول متعارف کر ا سکتے ہیں۔ پاکستان کو ایسے ہی لوگوں کی ضرورت ہے۔ لوٹے یا ابھی میں ادھر ابھی میں ادھر ہوجانے والے لوگ تو اپنا نصب العین ہی نہیں پاتے ہیں۔ اس تماش گاہ میں سیاسی مخالف کے ساتھ انتقامی کارروائیوں کو سلسلہ رکنا چاہئے ۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو پاکستانی سیاست آلودہ ہی رہے گی۔ (علی حسن)