اداکارہ انمول بلوچ کا کہنا ہے کہ وہ براہ راست شادی کریں گی، وہ بیچ میں اور کچھ نہیں کریں گی کیوں کہ تعلقات استوار کرنے سے جذبات کا کباڑہ ہوتا ہے۔اداکارہ نے حال ہی میں فوچیا میگزین کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے کیریئر سمیت دوسرے معاملات پر کھل کر بات کی۔پروگرام کے دوران شادی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انمول بلوچ کا کہنا تھا کہ آج کل کے دور میں شادی کے لیے ہر کسی نے اپنی ترجیحات طے کر رکھی ہیں اور بہت سارے افراد نے ترجیحات کی لمبی فہرست بنا رکھی ہے۔اداکارہ کے مطابق شادی کے لیے لڑکیاں ہونے والے شوہر کے لیے بہت ڈیمانڈ کرتی ہیں کہ وہ امیر ہونا چاہیے، خوبصورت بھی ہو، خواتین کی عزت بھی کرتا ہے اور میری ہر بات سے اتفاق بھی کرتا ہو۔انمول بلوچ نے کہا کہ لڑکیاں سوچتی ہیں کہ وہ اس مرد سے شادی کریں گی جو خواتین سے متعلق ایک خاص نظریے کی سوچ رکھتا ہو اور خواتین کے حقوق کے معاملے پر ہر وقت ان کا ساتھ دے۔اداکارہ کے مطابق ٹھیک ہے، ہر کسی کو شرائط رکھنے کا حق حاصل ہے لیکن گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ انسان تنگ آجاتا ہے، پچاس سال تک جوڑے ایک دوسرے کا خیال رکھتے رکھتے، ایک دوسرے کی شرائط پر پورا اترتے اترتے تھک جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ شادی ایک ایسا تعلق ہے، جس کے لیے دونوں افراد کو قربانیاں دینی پڑتی ہیں، کوئی ایک شخص دوسرے کے لیے 100 فیصد تک تبدیل نہیں ہوسکتا اور نہ ہی پہلے جیسا رہ سکتا ہے، اس لیے دونوں کو اپنی شخصیت کو تھوڑا تھوڑا تبدیل کرنا چاہیے۔انمول بلوچ کا کہنا تھا کہ گزرتے وقت اور میچوئرٹی کے ساتھ لڑکیوں کی ترجیحات تبدیل ہوجاتی ہیں اور ان کی ترجیحات اور خیالات بھی تبدیل ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پہلے والدہ انہیں شادی کرنے کا کہتی رہتی تھیں، اب انہیں وہ ایسا نہیں کہتیں، کیوں کہ وہ جان چکی ہیں کہ ان کی بیٹی اب میچوئر ہو چکی ہیں، ان کی اپنی سوچ ہے اور شرائط ہیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہے کہ وہ شادی نہیں کریں گی اور ان کی زندگی میں کوئی مرد نہیں آئے گا لیکن ابھی ان کا ایسا ارادہ نہیں۔انہوں نے شادی کو اچھی چیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ حلال چیز ہے، ہر کسی کو کرنی چاہیے اور وہ بھی شادی کریں گی، پوری زندگی ایسی نہیں رہیں گی۔ساتھ ہی انمول بلوچ نے واضح کیا کہ لیکن اب وہ براہ راست شادی کریں گی، وہ بیچ میں اور کچھ نہیں کریں گی، کسی سے تعلقات استوار نہیں کریں گی کیوں کہ تعلقات بنانے سے جذبات کا کباڑہ ہوتا ہے۔