سندھ حکومت نے کینسر کی شکار سینئر اداکارہ نائلہ جعفری کی مدد کی اپیل کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ان کی مالی معاونت کرنے کا اعلان کردیا۔ نائلہ جعفری 2016 سے بیمار ہیں اور ابتدائی طور پر ان میں اوورین کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور بعد ازاں ان میں معدے کے کینسر کی بھی تشخیص ہوئی۔ نائلہ جعفری کے بارے میں2017 میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ کینسر کے تیسرے اسٹیج کی وجہ سے انہیں تشویش ناک حالت میں اسپتال داخل کرایا گیا۔بعد ازاں نائلہ جعفری کو کچھ عرصہ اسپتال میں رکھنے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا تھا تاہم وہ 2016 سے مسلسل زیر علاج ہیں اور وقتاً فوقتاً اسپتال داخل ہوتی رہتی ہیں۔حال ہی میں نائلہ جعفری کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں انہوں نے ٹی وی مالکان، ڈراما سازوں اور مخیر حضرات سے مدد کی اپیل کی تھی۔مدد کی اپیل کرنے کی ویڈیو میں نائلہ جعفری کو اسپتال کے بستر پر کسمپرسی کی حالت میں دیکھا جا سکتا تھا اور وہ مدد کی اپیل کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئی تھیں۔
