سندھ اسمبلی نے میڈیا ہائوسز کے اشتہارات کے بقایا جات کی ادائیگی اور میڈیا ورکرز کو تنخواہوں کی ادائیگی سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ایوان کو اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ حکومت سندھ میڈیا ہاسز کے تمام بقایا جات کی ادائیگی کو یقینی بنائے گی ۔قرارداد پیپلز پارٹی کے رکن برہان چانڈیو نے پیش کی تھی ۔ایم کیو ایم پاکستان کے رکن محمد حسین نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ صرف قرارداد منظور کرنے سے کام نہیں ہو گا بلکہ اس معاملے پر ہائو س کی ایک کمیٹی قائم کی جائے۔ میڈیا ورکرز کوملازمتوں سے فارغ کرنا اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی قابل تشویش ہے اس لئے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لئے قراردادنہ لائی جائے۔ محمد حسین کا کہناتھا کہ ایوان سے منظورکردہ قراردادوں پرمتعلقہ محکمے عمل نہیں کرتے اوراس ایوان کی قراردادوں پر بیوروکریسی ٹھینگا دکھاتی ہے ۔ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی رکن نصرت سحر عباسی کی نے بھی قرارداد کی حمایت کی۔انہوں نے کہا کہ میڈیاہائوسز میں بیروزگاری کامسئلہ سنگین ہوتاجارہاہے،۔قرارداد کے محرک برہان چانڈیو نے وفاقی وصوبائی حکومتیں پر زور دیا کہ وہ میڈیاہائوسزمیں بحران کاحل نکالیں اور میڈیاہائوسز کے اشتہارات کے بقایاجات کی ادائیگی کویقینی بنایا جائے۔ اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا کہ صحافیوں کو تحفظ اور ادائیگیاں کی جانی چاہئیں انشورنس بھی ہونی چاہئے ۔وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اپوزیشن نے اس مسئلہ کے حل کے لئے جو تجاویز دی ہیں ان کی حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ادائیگیوں کے لئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا انتظار کررہے ہیں وہ آجائے ہم ادائیگیاں کردیں گے۔
سندھ اسمبلی میں صحافیوں کے حق میں قرارداد منظور۔۔
Facebook Comments