کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے)نے کہا ہے کہ سندھ حکومت صحافیوں کو مکمل تحفظ فراہم کرے اور یہ امر یقینی بنانے کے لئے ایسا مضبوط قانون بنائے جس میں صحافیوں کو ہراساں کرنے والے افراد اور اداروں کو قانون کی گرفت میں لایا جا سکے، کے یوجے کے ایک وفد نے صدر اعجاز احمد کی قیادت میں منگل کو یہاں سیکریٹری اطلاعات، حکومت سندھ رفیق احمد برڑو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، وفد میں کے یو جے کے جنرل سیکریٹری عاجز جمالی، نائب صدور لبنیٰ جرار، ناصر شریف اور سابق صدرحسن عباس شامل تھے،وفد نے مجوزہ ’’سندھ جرنلسٹس پروٹیکشن بل‘‘ پر سیکریٹری اطلاعات سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا، سیکریٹری اطلاعات نے کے یو جے کی بیشتر تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت صحافیوں کے تحفظ کے لیے ایک مضبوط قانون بنانا چاہتی ہے، جس کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے۔دریں اثنا سیکریٹری اطلاعات رفیق احمد بر ڑو نے کہا ہے کہ صحافیوں کے تحفظ کے لیے صوبائی حکومت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے تاکہ وہ مکمل یکسوئی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکیں۔ سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے قانون سازی کی جا رہی ہے اور اس ضمن میں جرنلسٹس پروٹیکشن بل کو حتمی شکل دینے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں وہ عوام کے مسائل ا جاگر کرنے کے ساتھ ساتھ حکومتی اقدامات کو موثر بنانے کے لیے بھی کام کرتے ہیں۔

سندھ حکومت صحافیوں کو مکمل تحفظ دے، کے یوجے۔۔
Facebook Comments