show cause notice to jang reporter for wrong news

غلط خبر پر جنگ کے رپورٹر کو شوکازنوٹس۔۔

سپریم کورٹ کے حوالے سے غلط خبر دینے پر جنگ انتظامیہ نے متعلقہ رپورٹر رانا مسعود حسین کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے تین سے چار روز میں جواب طلب کرلیا ہے۔۔جس کی روشنی میں ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔  دوسری طرف سپریم کورٹ نے  جنگ گروپ کے غیر مشروط معافی نامہ کو منظور کرتے ہوئے نوٹس واپس لینے کا حکم جاری کیا اورجنگ میڈیا گروپ کو آئندہ محتاط رپورٹنگ کی ہدایت کے ساتھ معاملہ نمٹا دیا۔  ادھر روزنامہ جنگ کے سپریم کورٹ رپورٹر رانا مسعود حسین نے ادارہ جنگ کی جانب سے جاری ہونے والے شوکاز نوٹس کے جواب میں بیان کیاہے کہ میں سپریم کورٹ میں تقریباًدس گیارہ سال سے مسلسل ر پورٹنگ کررہا ہوں اورا س ادارہ اور اس کے فاضل ججز کا تہہ دل سے احترام کرتا ہوں اور ان کے ساتھ اتنی طویل رفاقت کی بناءپر ہم خود کو عدالت کا ایک حصہ تصور کرتے اور اس کی عزت ووقار کو اپنی عزت و وقار تصور کرتے ہیں ، عدالتی پروسیجر سے واقفیت اور توہین عدالت کے مرتکبین کے انجام کی وجہ سے جان بوجھ کر یا بدنیتی سے کسی قسم کی توہین کا تصور بھی نہیں کرسکتے ۔ اس خبر کی اشاعت میں ہونے والی غلطی میں میری کسی بدنیتی کا کوئی عمل دخل نہیں بلکہ کام کے لوڈ کی وجہ سے غفلت ضرور ہوئی جس پر میں شرمندہ ہوں اور آئندہ کے لئے مزید محتاط رہنے کا عہد کرتا ہوں ،میں نے اس سلسلے میں وضاحت کے لئے فاضل چیف جسٹس جناب جسٹس میاں ثاقب نثار صاحب سے ان کے چیمبر میں جاکر رابطہ کرکے وضاحت کی پوری پوری کوشش بھی کی تھی لیکن انہوں نے شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے میری معذرت کو قبول نہیں کیا تھا ،تاہم آئندہ میں بہت محتاط ہو کر رپورٹنگ کروں گا۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں