ویڈیو شیئرنگ سائٹ یوٹیوب نے ٹک ٹاک جیسی مختصر ویڈیوز کے ذریعے آمدنی کے حصول کا ایک نیا ذریعہ متعارف کرا دیا ہے۔جی ہاں اگر آپ یوٹیوب پر ٹک ٹاک جیسی مختصر ویڈیوز پوسٹ کرنا پسند کرتے ہیں تو کمپنی کی جانب سے کمانے کا نیا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔یوٹیوب کی جانب سے کریٹیرز کو اپنی ویڈیوز فیس ادا کرنے والے سبسکرائبرز تک محدود رکھنے کا آپشن فراہم کیا جا رہا ہے۔اس نئے فیچر سے فیس ادا کرنے والے سبسکرائبرز کو اضافی مواد تک رسائی مل سکے گی۔کمپنی کے مطابق کریٹیرز اس نئے آپشن کو اپنے سبسکرائبرز کے ساتھ خصوصی مواد شیئر کرنے کے لیے استعمال کر سکیں گے۔اس فیچر کے تحت کریٹیرز اپنی شارٹس ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کے بعد نئے ممبرز اونلی آپشن کے ذریعے انہیں سبسکرائبرز تک محدود رکھ سکیں گے۔اسی طرح پہلے سے پوسٹ شارٹ ویڈیو کو بھی سبسکرائبرز تک محدود کرنا ممکن ہوگا۔یوٹیوب کی جانب سے نئے فیچر کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس کی شارٹس ویڈیوز کو اوسطاً روزانہ 70 ارب بار دیکھا جاتا ہے جبکہ یوٹیوب کے پارٹنر پروگرام کے 25 فیصد چینلز شارٹس کے ذریعے پیسے کما رہے ہیں۔