پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے حوالے سے نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹول (این اے ایس ایف ایف) ہائی اچیورز اسکالر شپ ایوارڈز کی تقریب میں15 طلبہ کو ڈپلومہ اسکالر شپس دینے کا اعلان کیا گیا۔ اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر نے وزارت اطلاعات و نشریات کے زیراہتمام این اے ایس ایف ایف 2021 میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والوں کے اعزاز میں این اے ایس ایف ایف ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد کیا ہے۔ ایوارڈ جیتنے والے طلبہ کو فلم سازی میں ایک سالہ سکالر شپ پروگرام کے لئے نیویارک فلم اکیڈمی آسٹریلیا بھیجا جائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر نے پاکستان کے اصل تشخص کو اجاگر کرنے کے لئے ایسی تقریبات کی اہمیت کا ذکر کیا اور کہا کہ یہ فورم پاکستانی نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔
