بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام یوم شہدائے صحافت بلوچستان کی مناسبت سے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا، احتجاجی مظاہرئے سے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر خلیل احمد ، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے قائم مقام صدر سلیم شاہد ، کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری عبدالشکور خان نے خطاب کرتے ہوئے حق و سچ کی راہ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے صوبے کے شہید صحافیوں کو ان کی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا ۔ مقررین نے کہا کہ صوبے میں قلم کی حرمت کے علمبردار شہید صحافیوں کی صوبے کے لئے خدمات کو کبھی بھلایا نہیں جاسکتا ، حقائق عوام تک پہنچانے والے بلوچستان کے صحافیوں کی قربانیاں اس شعبہ سے وابستہ دیگر صحافیوں کے لئے مشعل راہ ہیں اور آج بھی بلوچستان کے صحافی اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر صحافتی فرض نبھا رہے ہیں ۔ انہوں نے صحافیوں کی جان اور روزگار کے تحفظ اور اظہار رائے کی مکمل آئینی آزادی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کا پرچار کرنے والی حکومتیں بھی اقدار میں آکر میڈیا کی آزادی سلب کرنے کے مذموم کوششیں کرتی ہیں جو قابل مذمت ہے ۔ مقررین نے کہا کہ صوبے میں چار درجن کے قریب صحافیوں نے حق اور سچ اور اپنے فرائض کی ادائیگی کی راہ میں اپنی جان دے کر شعبہ صحافت کے چمن کی آبیاری کی ہے لیکن ان قربانیوں کے اعتراف کے بجائے نت نئے قوانین کے ذریعے ذمہ دار صحافت کا گلا گھونٹا جارہا ہے ۔ قبل ازیں شہدائے صحافت بلوچستان کی بلندی درجات کے لئے دعا کی گئی ۔