اسلام آبادڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس میں سزا یافتہ شعیب شیخ کو سیشن جج کو رشوت دینے کے کیس میں جسمانی ریمانڈ پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے حوالے کردیا۔ گزشتہ دنوں ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس میں سزا یافتہ شعیب شیخ کو ایڈیشنل سیشن جج کو رشوت دینے کے معاملہ پر گرفتار کیا گیا تھا۔ اب اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے شعیب شیخ کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔ ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس میں سزا یافتہ شعیب شیخ پر سیشن جج کو رشوت دینے کا کیس ہے۔ دریں اثنا ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے سیشن جج کو رشوت دینے کے کیس میں شعیب شیخ کے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد عمر شبیر نے شعیب شیخ کے ریمانڈ سے متعلق 5 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ پرویز قادر میمن اور طاہر وفائی کی ٹیلیفونک گفتگو اسلام آباد ہائی کورٹ میں موجود ہے۔فیصلے میں مزید کہا گیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ سے ٹیلیفونک گفتگو لینے کے لیے خط لکھ دیا گیا ہے، پرویز قادر میمن، طاہر وفائی کے درمیان گفتگو شعیب شیخ سے بطور کنکشن استعمال ہوسکتی ہے۔عدالت نے فیصلے میں یہ بھی کہا کہ تفتیشی افسر کے مطابق شعیب شیخ نے پرویز قادر میمن کو 15 لاکھ روپے ٹرانزیکشن کرنے کا اقرار کیا۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ تفتیشی افسر نے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات کے لیے بھی متعلقہ فورم پر رابطہ کیا ہے، تفتیش آگے بڑھتی دکھائی دی ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کو بھی ٹرانسکرپٹ کےلیےخط لکھا گیا ہے۔فیصلے میں بتایا گیا کہ شعیب شیخ نے بھی 15 لاکھ روپے ٹرانزیکشن کا اقرار کیا ہے، تفتیشی افسر کو ایک دن تک بینک اسٹیٹمنٹ مل جائے گا، جو تفتیش میں مددگار ثابت ہوگا۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ ٹیلیفونک گفتگو میں ملوث شخص کو بھی شامل تفتیش کرنا باقی ہے، شعیب شیخ کا مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جاتا ہے۔فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ شعیب شیخ کی جانب سے صحت کے متعدد مسائل میں مبتلا ہونے کے باعث پمز داخلے کی درخواست کی گئی، عدالت پمز اسپتال کو شعیب شیخ کو داخل کرنے کے احکامات جاری نہیں کرسکتی۔ خیال رہے کہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پرویز القادر میمن کو رشوت دینے کے الزام میں مقدمہ درج کر کے شعیب شیخ کو شامل تفتیش ہونے کا نوٹس بھیجا تھا مگر نوٹس کی تعمیل کے باوجود وہ پیش ہونے سے گریزاں تھے۔ چند روز قبل شعیب شیخ کو ایف آئی اے نے گرفتار کر کے تھانہ اینٹی کرپشن منتقل کر دیا تھا۔