قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کی والدہ کو اسلام آباد میں سپرد خاک کردیا گیا، نماز جنازہ میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کی والدہ کی نمازہ جنازہ اسلام آباد کے ایچ ایٹ قبرستان میں اداکی گئی جس کے بعد وہیں ان کو سپرد خاک کردیا گیا۔ معروف سابق کرکٹر کی والدہ کی نماز جنازہ میں وزیر مملکت علی محمد خان، سینیٹر طلحہ محمود ،سابق کرکٹر راشد لطیف سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور شعیب اختر سے افسوس کا اظہار کیا ۔شعیب اختر کی والدہ کو بیماری کے سبب ہسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ سابق کرکٹر نے والدہ کی وفات کی اطلاع ٹویٹر پیغام کے ذریعے دی، ان کا کہنا تھا کہ میری والدہ محترمہ رضائے الٰہی سے وفات پا گئ ہیں، ان کی نماز جنازہ ایچ ایٹ میں بعد نماز عصر ادا کی جائے گی۔
