پی ٹی وی نے ڈاکٹر نعمان نیاز اور شعیب اختر معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دیدی، رپورٹ وزیر اطلاعات کو پیش کی جائے گی۔ڈاکٹر نعمان نیاز قصور وار ثابت ہونے پر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے منگل کو سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر اور پی ٹی وی سپورٹس کے اینکر ڈاکٹر نعمان نیاز کے درمیان ہونے والی زبانی تکرار کا نوٹس لے لیا۔وزیر نے معاملے کو دیکھنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس کی سربراہی پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر کریں گے۔ پی ٹی وی کے ہیومن ریسورسز (ایچ آر) ڈیپارٹمنٹ سمیت دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔انکوائری کمیٹی کا اجلاس بدھ کو طلب کیا گیا ، جس میں کمیٹی کے ارکان نے اس بات کا تعین کیا کہ دونوں کے درمیان جھگڑا کیوں ہوا۔ ڈاکٹر نعمان نیاز اور شعیب اختر کے درمیان آف ائیر اور آن ائیر دونوں تبادلوں کا مطالعہ کیا جائے گا۔کمیٹی اپنے نتائج وزیر اطلاعات کو بھیجے گی۔اگر نتائج میں ڈاکٹر نعمان نیاز کی غلطی کی نشاندہی ہوئی تو کمیٹی ان کے خلاف کارروائی کرے گی۔انکوائری کمیٹی ڈاکٹر نیاز اور اختر کو بھی طلب کرے گی تاکہ ان کا موقف سنیں۔خبر کی تصدیق کرتے ہوئے پی ٹی وی نیوز نے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر ایک بیان شیئر کیا، جس میں کہا گیا کہ پی ٹی وی اسپورٹس پر شعیب اختر اور اینکر کے درمیان پیش آنے والے واقعے کا انتظامیہ نے نوٹس لے لیا ہے۔
